جنرل باجوہ نے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے نام بتا دیئے

بابر اعظم اور محمد رضوان کو ایک ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ کر لطف اندوز ہوتا ہوں، شاداب خان سے بہتر کوئی ٹی ٹونٹی کھلاڑی نہیں، اسکے پاس وہ سب ہے جو ایک معیاری ٹی ٹونٹی کھلاڑی کیلئے ضروری ہوتا ہے: آرمی چیف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 25 نومبر 2022 14:56

جنرل باجوہ نے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے نام بتا دیئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 نومبر 2022ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ سخت نظم و ضبط کی پابندی کریں اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے لیے مزید محنت کریں۔ ’پرو پاکستانی‘ ویب سائٹ کے مطابق سبکدوش ہونے والے آرمی چیف نے یہ پیغام قومی ٹیم کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں دیا جس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر معززین نے شرکت کی۔

T20 ورلڈ کپ 2022ء میں پاکستان کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ "آپ نے فائنل میں پہنچ کر اربوں ڈالرز کی ٹیموں کو پیچھے چھوڑ کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے"۔ جنرل قمر جاوید باجوہ ، جو6 سال تک پاک فوج کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دینے کے بعد اگلے ہفتے اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے، نے مزید کہا کہ وہ اوپننگ بلے بازوں بابر اعظم اور محمد رضوان کو ایک ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

آل راؤنڈر، شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’’ مجھے یقین ہے کہ شاداب خان سے بہتر کوئی T20 کھلاڑی نہیں ہے جس نے اپنے پاس ہر چال رکھی ہوئی ہے جو ایک معیاری T20 کھلاڑی کیلئے ضروری ہوتا ہے"۔ آرمی چیف نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میچ میں قومی باؤلنگ ڈپارٹمنٹ کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ باؤلرز نے کم ہدف کا سامنا کرتے ہوئے اپنا پور زور لگایا جسے دیکھنا سنسنی خیز تھا۔
وقت اشاعت : 25/11/2022 - 14:56:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :