پی سی بی نے سعودی عرب کو کرکٹ کی ترویج کیلئے ماہرین مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی

پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے انتہائی صلاحیتیں موجود، سعودی عرب کی طرف سے پاکستان سے معاونت کی درخواست کی گئی تو ہم یقینا ان کی مدد کریں گے: نجم سیٹھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 جنوری 2023 11:11

پی سی بی نے سعودی عرب کو کرکٹ کی ترویج کیلئے ماہرین مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 جنوری 2023ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سعودی عرب کو کرکٹ کی ترویج کے لیے ماہرین مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم کرکٹ سٹرکچر تیار کرنے میں سعودی عرب کی ہر حوالے سے مدد کرنے کو تیار ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ”پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے انتہائی صلاحیتیں موجود ہیں۔ ہمارے پاس اس کھیل کے ہر شعبے کے ماہر ہیں۔ اگر سعودی عرب کی طرف سے پاکستان سے معاونت کی درخواست کی گئی تو ہم یقینا ان کی مدد کریں گے۔“ انہوں نے اس موقع پر افغانستان کی ٹیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ افغان ٹیم کو بھی پاکستان نے تیار کیا۔

(جاری ہے)

آج وہ پاکستان کے تعاون کی وجہ سے ہی ایک بہترین ٹیم بن چکی ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کچھ افغان کھلاڑیوں کو پاکستان میں تربیت دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ 1995ء میں افغانستان کرکٹ فیڈریشن بنانے میں بھی پاکستان نے ان کی مدد کی تھی۔ سعودی عرب میں کرکٹ 1960ء سے کھیلی جا رہی ہے۔ سعودی شہریوں کو اس کھیل سے پاکستانی اور بھارتی شہریوں نے روشناس کرایا تھا۔ واضح رہے کہ 2003ء سے سعودی عرب آئی سی سی سے بھی وابستہ ہے اور 2016ء میں اسے ایسوسی ایٹ ممبر بنا لیا گیا تھا۔ 2020ء میں سعودی عرب نے اپنے ملک میں کرکٹ فیڈریشن قائم کی۔
وقت اشاعت : 05/01/2023 - 11:11:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :