ہارون رشید نے شعیب ملک، عامر کی واپسی کیلئے سلیکشن کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا

سب کیلئے آپشن کھلا ہے، دیکھنا ہوگا شعیب جیسے کھلاڑی بڑے ایونٹ میں کیا کردار ادا کر سکتے ہیں، محمد عامربھی اچھا کھیلیں تو واپس آسکتے ہیں: چیف سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 31 جنوری 2023 14:19

ہارون رشید نے شعیب ملک، عامر کی واپسی کیلئے سلیکشن کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 جنوری 2023ء ) چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ریٹائرڈ فاسٹ بولر محمد عامر اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی ممکنہ واپسی کے لیے سلیکشن کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا ہے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں کرکٹ پاکستان سے بات کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ٹورنامنٹ کے لیے شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو واپس بلانے کا امکان تلاش کر سکتا ہے۔

ہارون رشید نے کہا کہ “آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ کون سے کھلاڑی آپ کے موجودہ سیٹ اپ میں فٹ ہو سکتے ہیں، ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا ایسا کھلاڑی کسی اہم ایونٹ میں کوئی خاص کردار ادا کرسکتا ہے، جس سے پاکستان کی جیت کے امکانات بڑھ سکتے ہیں‘‘۔ ہارون رشید نے مزید کہا کہ "تاہم اگر کوئی نوجوان کھلاڑی وہی کردار ادا کرتا ہے، تو یہ قابل بحث ہو سکتا ہے لیکن میں نے اس موضوع پر اپنا موقف کھلا رکھا ہے اور کوئی خاص حکمت عملی نہیں بنائی ہے، ایک بار جب میرا سلیکشن پینل بن جائے گا تب ہم ایک مخصوص سلیکشن پالیسی کے ساتھ آئیں گے۔

(جاری ہے)

69 سالہ ہارون رشید نے محمد عامر کے انتخاب کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے موقف کو دہراتے ہوئے کہ مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں کو سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا ایک بیان تنازعہ کا باعث بن سکتا ہے، میری رائے میں کھلاڑیوں کو اپنی کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔ بہت سارے کھلاڑی ہیں اور ہر کھلاڑی خود کو پلیئنگ الیون میں سلیکشن کے قابل سمجھتا ہے لیکن یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ کون سے کھلاڑی مخصوص حالات میں موزوں ہیں۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ " محمد عامر کے معاملے میں، مجھے اس کی حیثیت کے بارے میں یقین نہیں ہے۔ میں نے سنا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا سوچ رہے ہیں۔ یہ اچھا ہے کہ وہ کھیل رہا ہے۔ اگر وہ پرفارم کرنا جاری رکھتا ہے تو وہ دوسرے کھلاڑیوں کی طرح انتخاب کے لیے نظروں میں رہے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ اگر سابق کرکٹر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنا چاہتے ہیں تو وہ عامر کو نہیں روکیں گے۔
وقت اشاعت : 31/01/2023 - 14:19:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :