پاکستان ایمرجنگ ویمنزٹیم ایشیا کپ کیلئے ہانگ کانگ روانہ ہوگئی

جمعہ 9 جون 2023 13:09

پاکستان ایمرجنگ ویمنزٹیم ایشیا کپ کیلئے ہانگ کانگ روانہ  ہوگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) پاکستان ایمرجنگ ویمنز کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں جمعہ کی شب کراچی سے براستہ دبئی ہانگ کانگ روانہ ہوگی جہاں وہ اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 12 سے 21 جون تک ٹن وونگ روڈ ریکری ایشن گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔8 ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم گروپ اے میں میزبان ہانگ کانگ، بھارت اے اور نیپال کے ساتھ ہے۔

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 13 جون کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔15 جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ 17 جون کو اس کے مقابل بھارت اے کی ٹیم ہوگی۔ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 19 جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 21 جون کو ہوگا۔

(جاری ہے)

ہانگ کانگ روانگی سے قبل 14 رکنی ٹیم اور چار ریزرو کھلاڑیوں نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں منعقدہ 15 روزہ کیمپ میں حصہ لیا جہاں کوچنگ سٹاف نے انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ کے مختلف پہلوں کے مطابق ٹریننگ کرائی۔

ان کھلاڑیوں کو مختلف سچویشن کے مطابق میچز بھی کھلائے گئے ۔ان کھلاڑیوں نے کیمپ میں ٹریننگ کے ساتھ ساتھ سٹرائیکرز کے نام سے پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لیا۔ایشیا کپ ایمرجنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیم میں کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ دیگر 6 کرکٹرز وہ ہیں جو اس سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں ان میں گل فیروزہ ( دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ) نتالیہ پرویز ( تین ون ڈے انٹرنیشنل اور گیارہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل) صدف شمس ( چار ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل) سیدہ عروب شاہ ( دو ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ) طوبی حسن ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور اکیس ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ) اور ام ہانی ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل ) شامل ہیں۔

عروب شاہ کے علاوہ انوشے ناصر، ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار نے اس سال جنوری میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹیم کا تربیتی کیمپ بہت مفید ثابت رہا اور اس سے ٹیم کی تیاری میں مضبوط بنیاد رکھنے میں مدد ملی ہے۔انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے کیمپ میں جو کچھ سیکھا ہے وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔فاطمہ ثنا نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم بھارت اے، ہانگ کانگ اور نیپال کے خلاف حوصلہ اور آخر وقت تک مقابلہ کرنے کی سوچ کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔
وقت اشاعت : 09/06/2023 - 13:09:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :