فواد عالم نے امریکا میں کھیلنے کیلئے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

36 سالہ بیٹر نے پاکستان کے لیے 19 ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 24 ٹی ٹونٹی کھیلے، ٹیسٹ کیریئر میں 5 ، ون ڈے میں ایک سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 اگست 2023 13:15

فواد عالم نے امریکا میں کھیلنے کیلئے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اگست 2023ء ) مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم نے اپنے 15 سال پر محیط پاکستانی کیریئر کے خاتمے کی جانب قدم بڑھا لیا ہے۔ فواد عالم، جو اکتوبر میں 37 سال کے ہو جائیں گے، مائنر لیگ کرکٹ T20 میں شکاگو کے کنگسمین کے لیے 'مقامی' کھلاڑی کے طور پر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ سمیع اسلم، حماد اعظم، سیف بدر اور محمد محسن جیسے پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک طویل فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے امریکا میں اپنا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ کو چھوڑا۔

فواد عالم نے 2007ء میں پاکستان کے لیے وائٹ بال ڈیبیو کیا لیکن پاکستان کے ڈریسنگ روم میں فواد عالم کی موجودگی بہت کم رہی۔ 2009ء میں ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے کے بعد انہیں 2 ٹیسٹ بعد ڈراپ کر دیا گیا اور ڈومیسٹک سرکٹ میں 55 کی اوسط کے ساتھ رنز سکور کرنے کے باوجود انہوں نے 11 سال کے وقفے کے بعد اپنا اگلا ٹیسٹ کھیلا۔

(جاری ہے)

2020ء میں اپنے کیریئر کو نئی زندگی ملنے کے بعد فواد عالم نے مختصر مدت کے لیے ٹیسٹ ٹیم میں خود کو قائم کیا۔

اس نے واپسی کے بعد اپنے تیسرے میچ میں مشکل حالات میں نیوزی لینڈ میں سنچری کے ساتھ اپنے انتخاب کو درست کیا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف سنچریوں کے ساتھ خود کو منوایا۔ تاہم فواد عالم کی غیر روایتی تکنیک 2022ء کے اوائل میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ایکسپوز ہوگئی۔ وہ بہترین پچز پر بھی 4 اننگز میں 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور آخر کار جولائی 2022ء میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔

وہ پاکستان کے 2009ء کے فاتح T20 ورلڈ کپ سکواڈ کا بھی حصہ تھے لیکن چیمپئن شپ جیتنے کے بعد فارمیٹ میں مزید 11 گیمز ہی کھیل سکے۔ انہوں نے 2014ء ایشیاء کپ میں سری لنکا کے خلاف واحد ون ڈے سنچری سمیت پاکستان کے لیے 19 ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 24 ٹی ٹونٹی کھیلے، انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 5 سنچریاں سکور کیں۔ غیر روایتی تکنیک کے ساتھ ٹیسٹ میں فواد عالم کی غیر سلیکشن نے تقریباً ایک دہائی تک پاکستان کرکٹ میں ہر طرف رائے تقسیم کی۔ سابق کھلاڑیوں اور میڈیا نے ان کے انتخاب کے لیے آواز اٹھائی جب اس نے قائداعظم ٹرافی میں یکے بعد دیگرے ہر سیزن میں رنز بنائے۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 19 سال کے دوران 201 فرسٹ کلاس گیمز میں 14,000 سے زیادہ رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
وقت اشاعت : 08/08/2023 - 13:15:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :