ایشیاء کپ: بابر اعظم نے یونس خان کا 19 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا

قومی کپتان ایشیاء کپ ون ڈے میں سب سے بہترین انفرادی سکور بنانیوالے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے، بہترین انفرادی سکور کے مالک پاکستانی بیٹر بھی بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 31 اگست 2023 13:01

ایشیاء کپ: بابر اعظم نے یونس خان کا 19 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2023ء ) ایشیا کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار سنچری سکور کرنے کے ساتھ سابق پاکستانی کپتان یونس خان کا 19 سالہ ملکی ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ بدھ کو ایشیاء کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 238 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے کپتان بابراعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

بابراعظم نے نیپال کے خلاف ون ڈے کیریئر کی 19 ویں سنچری سکور کی اور 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ افتخار احمد 71 گیندوں پر 109 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ جواب میں مہمان ٹیم 24 ویں اوور میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بابراعظم 151 رنز کی اننگز کھیل کر ایشیاء کپ ون ڈے میں سب سے بہترین انفرادی سکور بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جنہوں نے 2012ء کے ون ڈے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف 183 رنز بنائے تھے ، بابر اعظم 151 رنز سکور کرکے اب دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، ان سے قبل اس نمبر پر یونس خان تھے جو اب تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ یونس خان نے 2004ء کے ایشیاء کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف 144 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ فہرست میں چوتھا نمبر بنگلادیش کے وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم کا ہے جنہوں نے 2018ء میں سری لنکا کے خلاف 144 رنز بنائے تھے، پانچویں نمبر پر آل راؤنڈر شعیب ملک ہیں جنہوں نے 2004ء میں بھارت کے خلاف 143 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
وقت اشاعت : 31/08/2023 - 13:01:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :