ورلڈ کپ کے بعد غیر ملکی بائولنگ کوچ نے پی سی بی سے راہیں جدا کر لیں

مورنے مورکل کی جگہ قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل کو بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں ملنے کا امکان : ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 نومبر 2023 15:03

ورلڈ کپ کے بعد غیر ملکی بائولنگ کوچ نے پی سی بی سے راہیں جدا کر لیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 نومبر 2023ء ) ورلڈ کپ میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے پی سی بی سے راہیں جدا کر لیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر ناکامی کے ساتھ ختم ہوتے ہی قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے پی سی بی کے ساتھ اپنا سفر ختم کر دیا۔

مورنی مورکل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کواپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور وہ قومی ٹیم کی ذمے داریوں سے علیحدہ ہو کر اپنے ملک جنوبی افریقہ کی ٹی ٹونٹی لیگ میں مصروف ہو گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنی مورکل کا پی سی بی کے ساتھ رواں سال جون میں 6 ماہ کا کوچنگ معاہدہ ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ کے لیے سابق پاکستانی پیسر عمر گل مضبوط امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مورنی مورکل کی کوچنگ کے دوران پاکستانی بولرز کی کارکردگی عروج سے زوال کی جانب گامزن ہوئی۔ پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے نیوزی لینڈ نے 401 رنز اسکور کیے جب کہ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ سمیت کئی ٹیموں نے متعدد بار 300 سے زائد رنز اسکور کیا جب کہ دو بار پاکستان کی جانب سے بنائے گئے رنز کا دفاع کرنے میں پاکستانی بولرز ناکام رہے۔ ذرائع کے مطابق مورنی مورکل کی جگہ قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل کو بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے۔
وقت اشاعت : 13/11/2023 - 15:03:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :