پاکستان کی اہم کرکٹ سیریز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی

پی سی بی کی درخوست پر آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا انعقاد نہیں ہو گا

muhammad ali محمد علی بدھ 22 نومبر 2023 23:27

پاکستان کی اہم کرکٹ سیریز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر2023ء) پاکستان کی اہم کرکٹ سیریز غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی، پی سی بی کی درخوست پر آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا انعقاد نہیں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے انتہائی مصروف شیڈول کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیدرلینڈ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی درخواست پر پاکستان کا 2024 میں نیدرلینڈ کا دورہ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کو مئی 2024 کے اوائل میں نیدرلینڈز کے خلاف یورپ کے دورے کے ایک حصے کے طور پر تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا تھے جس کے بعد آئرلینڈ کے خلاف بھی تین اور انگلینڈ کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام میچزکو ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں جون 2024 میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں شیڈول کیا گیا تھا۔

نیدرلینڈز نے تصدیق کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شیڈولنگ تصادم اور کھلاڑیوں کے کام کے بوجھ سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ نیدرلینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ہم سمجھتے ہیں پی سی بی کس مشکل میں ہے، کھیل کے مصروف شیڈول اور ساتھ ہی ساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو بھی ذہن میں رکھتے ہوئے،ہم پی سی بی کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کی قدر کرتے ہیں اور اس سیریز کو بعد کی تاریخ میں دوبارہ ترتیب دینے کے منتظر ہیں۔

تاہم دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ نیدرلینڈ کا ملتوی کیا گیا دورہ دوبارہ کب ہو گا۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ سے مصروف کرکٹ سیزن کا آغاز کرے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے دورے کیلئے روانہ ہو گی جہاں 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، اس کے بعد نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

جبکہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان کو دورہ کرے گی، اس دورے میں بھی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ اس سیریز کے بعد پاکستان طویل غیر ملکی دورے پر روانہ ہو گی، اس دوران پہلے یورپ میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوں گی، پھر پاکستان ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرے گا۔
وقت اشاعت : 22/11/2023 - 23:27:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :