ملتان پولیس کی جانب سے نویں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری

منگل 13 فروری 2024 15:15

ملتان پولیس کی جانب سے نویں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) سی پی او ملتان صادق علی کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب سے نویں پاکستان سپر لیگ کے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق پی ایس ایل کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 6000 سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ترجمان کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 17 فروری سے لاہور میں جبکہ ملتان میں پہلا میچ 18 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا۔ سی پی او ملتان صادق علی تمام تر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی خود کریں گے۔ ترجمان کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران کی نگرانی میں تمام مقامات پولیس کی نفری بھجوائی جائیگی۔

(جاری ہے)

ملتان پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، پاک فوج، رینجرز، اسپیشل برانچ اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم، ملتان ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے اسی حوالے سے تمام اہم مقامات اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز پر مشتمل ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف میں پیٹرولنگ کرے گی۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کے لیے فاطمہ جناح ٹاؤن میں گاڑیوں کی پارکنگ کی جائے گی۔شائقین کو فاطمہ جناح ٹاؤن پارکنگ پوائنٹ سے اسٹیڈیم تک خصوصی شٹل بس سروس کے ذریعے پہنچایا جائیگا۔

کرکٹ شائقین کیلئے خصوصی ہدایات، شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لازمی رکھنا ہے۔ کوئی بھی آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھار مواد جیسے چاقو اور دھات یا لکڑی اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ کسی بھی بینر و پوسٹر یا پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے،کرکٹ شائقین کو گراؤنڈ، کھلاڑیوں اور ساتھی تماشائیوں پرکسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے،اسٹیڈیم کے احاطے میں ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی ہے۔
وقت اشاعت : 13/02/2024 - 15:15:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :