اردن نے پاکستان کی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی کے مسائل کا حل پیش کیا

پاکستان 21 مارچ کو اپنے ہوم ٹائی میں اردن سے ٹکرائے گا جبکہ راؤنڈ 2 میں اوے لیگ کا مقابلہ 26 مارچ کو ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 16 فروری 2024 14:40

اردن نے پاکستان کی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی کے مسائل کا حل پیش کیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 فروری 2024ء ) اردن کی فٹ بال ایسوسی ایشن (جے ایف اے) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنا ہوم میچ جو جناح اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھا، اردن منتقل کر دیں۔ دونوں فریقوں کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ قریب آتے ہی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 کے گروپ جی میں یہ پاکستان کا تیسرا میچ ہوگا اور شاہینز کو فلڈ لائٹس کے ناکافی معیار کی وجہ سے اسلام آباد میں میچ کی میزبانی کرنا مشکل ہے جو کہ اے ایف سی اور فیفا کی ضروریات کو پورا نہیں کرتی ہے۔

پاکستان کو سعودی عرب کیخلاف پہلے دو میچز میں 4-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اسے تاجکستان کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر 6-1 سے شکست ہوئی۔

(جاری ہے)

پی ایف ایف نے اے ایف سی سے تیسری ڈیڈ لائن کی درخواست کی اور اسے 9 فروری تک دی گئی لیکن پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اسٹیڈیم میں نئی لائٹس لگانے میں ناکام رہا۔ 21 جنوری کی ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد پی ایف ایف نے اے ایف سی سے 2 فروری تک توسیع کی درخواست کی اور پھر مزید 9 فروری تک توسیع دی گئی۔

اے ایف سی کو ہوم میچ کا مقام جمع کرانے کی تینوں ڈیڈ لائنیں گزر چکی ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پی ایف ایف مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے سے قاصر ہیں۔ پی ایف ایف اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے درمیان تازہ ترین خط و کتابت میں پی ایس بی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ایک خط میں لکھا کہ ’پی ایس بی جناح اسٹیڈیم کو اے ایف سی کے معیارات کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے عمل میں ہے جس میں فلڈ لائٹس بھی شامل ہیں جو کہ میچ سے قبل مکمل ہو جائیں گی تاہم تکمیل کی رپورٹ فراہم کرنا ممکن نہیں ہے کہ یہ 2 فروری 2024ء کو تیار ہو جائے گا کیونکہ کام جاری ہے‘۔

پی ایف ایف این سی کے ترجمان نے کہا کہ "ہم ابھی بھی مقام کی تصدیق کے لیے ایک اور توسیع حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں ابھی تک یہ موصول نہیں ہوا"۔ "اس کے علاوہ اردن فٹ بال ایسوسی ایشن نے اردن میں ہمارا ہوم گیم کھیلنے کی پیشکش کی ہے لیکن یقیناً اسے اے ایف سی کے رہنما خطوط کے مطابق غیر جانبدار مقام کے طور پر نہیں دیکھا جائے گا۔" پی ایف ایف این سی نے اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے کہ پی ایس بی نے انہیں میچ سے قبل لائٹس لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن انہوں نے انہیں اس بارے میں کوئی تاریخ نہیں دی ہے کہ جناح اسٹیڈیم کی لائٹس کی اپ گریڈیشن کب مکمل ہوگی اس لیے توسیع کی تلاش جاری ہے۔

پاکستان 21 مارچ کو اپنے ہوم ٹائی میں اردن سے ٹکرائے گا جبکہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ 2 میں اوے لیگ کا مقابلہ 26 مارچ کو ہوگا۔
وقت اشاعت : 16/02/2024 - 14:40:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :