آئی سی سی وفد چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کراچی پہنچ گیا

آئی سی سی کے ایونٹس ہیڈ آپریشنز کرس ٹیٹلی اسلام آباد میں وفد میں شامل ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 مارچ 2024 13:37

آئی سی سی وفد چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کراچی پہنچ گیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 مارچ 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) فروری 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے والا ہے اور اس کے لیے آئی سی سی کے وفد نے پیر کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی سی سی کے ایونٹس ہیڈ آپریشنز کرس ٹیٹلی اسلام آباد میں وفد میں شامل ہوں گے۔ کراچی پہنچنے والے وفد کے ارکان میں سینئر منیجر ایونٹ آپریشنز سارہ ایڈگر اور منیجرایونٹ آپریشنز عون محمد زیدی شامل ہیں۔

وفد کے ارکان نے پی سی بی کے کمیٹی روم میں اجلاس طلب کیا جہاں پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر نے وفد کے ارکان کو بریفنگ دی اور متعلقہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان نے مختلف امور کے بارے میں دریافت کیا اور متعدد تجاویز پیش کرتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹیڈیم کے اندر مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا اور انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

وفد نے نیشنل بنک سٹیڈیم کا معائنہ کرنے کے علاوہ متعلقہ اداروں کے سکیورٹی حکام سے ملاقاتیں بھی طے کیں۔ پروگرام کے مطابق وفد آج رات لاہور روانہ ہو گا اور منگل کو قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔ بدھ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے معائنے کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقاتیں طے ہیں۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں پی سی بی حکام سے ملاقاتوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد وفد اپنی رپورٹ تیار کر کے رکن ممالک کے ساتھ شیئر کرے گا۔
وقت اشاعت : 25/03/2024 - 13:37:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :