شاہین آفریدی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کپتان کو قربانی کا بکرا بنانے سے ناخوش

"کرکٹ 11 کھلاڑیوں کا ٹیم گیم ہے لیکن بدقسمتی سے کپتان کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے ، جب ٹیم ہارتی ہے تو اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، یہ صحیح طریقہ نہیں ہے" : ٹی ٹونٹی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 28 مارچ 2024 14:43

شاہین آفریدی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کپتان کو قربانی کا بکرا بنانے سے ناخوش
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مارچ 2024ء ) پاکستان ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے منگل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں لاہور قلندرز کے کپتان کے طور پر اپنے مشکل سفر پر اپنے خیالات کا اظہار فرنچائز کے مالک سمین رانا کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ میں کیا۔ 23 سالہ نوجوان پیسر نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں کپتان کو قربانی کا بکرا بنانے کا کلچر ہے اور اس بات پر زور دیا کہ لوگ اکثر بھول جاتے ہیں کہ میدان کے اندر اور باہر فیصلہ سازی میں اور بھی بہت سے ادارے شامل ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ "کرکٹ گیارہ کھلاڑیوں کا ٹیم گیم ہے لیکن بدقسمتی سے کپتان کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے اور جب ٹیم ہارتی ہے تو اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے لیکن یہ صحیح طریقہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

" بائیں ہاتھ کے پیسر کو 2022ء میں 21 سال کی عمر میں قلندرز کا کپتان مقرر کیا گیا تھا اور ان کی کپتانی میں لاہور نے اپنی تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا تھا جبکہ 2023ء میں بیک ٹو بیک ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی تھی۔

پی ایس ایل میں لاہور کی شان اور بے مثال حیثیت حاصل کرنے میں مدد کرنے کے باوجود ان کی کارکردگی اور کپتانی کافی جانچ پڑتال کی زد میں آئی ہے۔ جب سے وہ اس سال پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بنے ہیں ان کی فارم خراب ہوگئی ہے جبکہ قلندرز ایک ہی فتح کے ساتھ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔ شاہین آفریدی کو ذکاء اشرف کی زیر قیادت پی سی بی انتظامیہ کے تحت نومبر میں پاکستان کا T20I کپتان مقرر کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف گھر سے دور پانچ میچوں کی T20I سیریز میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں جہاں پاکستان کو 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ پی سی بی کے موجودہ چیئرمین محسن نقوی اس جون میں امریکا اور کیریبین میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے کپتانی میں اہلکاروں کو تبدیل کرنے کے حوالے سے سوچ رہے ہیں۔ پاکستان کی کپتانی کانٹوں کے تاج کی مانند ہے اور بابر اعظم بھی اسی تنقید اور جانچ کی زد میں آئے جس کا سامنا شاہین کو اب بہت چھوٹی عمر میں کرنا پڑ رہا ہے۔
وقت اشاعت : 28/03/2024 - 14:43:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :