پی ایس ایل 10، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو اچھا ہدف دیدیا

فخر زمان اور محمد نعیم کی نصف سنچریاں ، عباس آفریدی کی 4 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 4 مئی 2025 22:58

پی ایس ایل 10، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو اچھا ہدف دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 مئی 2025ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کرچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیتنے کے بعد لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ 8 ویں اوور میں میچ بارش سے متاثر ہوا تو اسے 15،15 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

 
لاہور قلندرز نے فخر زمان اور محمد نعیم کی عمدہ بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 160 رنز بنائے اور کراچی کنگز کےلیے 161 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔ 
لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ بارش سے بالکل پہلے گری، 7.5 اوورز میں فخر زمان اور محمد نعیم نے 90 رنز کی شراکت قائم کی، آؤٹ ہونے والے بیٹر نے 5 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 65 رنز کی باری کھیلی۔

(جاری ہے)

 
فخر زمان 33 گیندوں پر 51 رنز بناکر پویلین لوٹے، اُن کی اننگز 3 چھکوں اور 4 چوکوں سے مزین تھی، عبداللّٰہ شفیق 18 رنز شامل تھے، باقی کوئی اور کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ 
کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے 4، میر حمزہ، عامر جمال اور حسن علی 1،1 وکٹ اپنے نام کی، ایونٹ میں عباس آفریدی کی وکٹوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ 
لاہور قلندرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، فاسٹ باؤلر ٹام کیرن کی جگہ اسپنر رشاد حسین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

 
کراچی کنگز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، فواد علی کی جگہ حسن علی اور عمیر یوسف کی جگہ سعد کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 
پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیل کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی 8 میچز کھیلے ہیں اور وہ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ 
پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن 8 میچز کھیل کر 9 پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز کی ہے جبکہ چوتھی پوزیشن کراچی کنگز اور پانچویں پشاور زلمی کی ہے۔ ٹیبل پر آخری نمبر ملتان سلطانز کی ٹیم کا ہے جو اب ٹرافی جیتنے کی ریس سے باہر ہوچکی ہے۔
وقت اشاعت : 04/05/2025 - 22:58:05