قومی ٹی 20- کرکٹ کپ میں پشاور نے اسلام آباد کو36 رنز سے شکست دیدی

پشاور ٹیم کے صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قرار یدیا گیا

پیر 29 اگست 2016 20:42

قومی ٹی 20- کرکٹ کپ میں پشاور نے اسلام آباد کو36 رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) قومی ٹی 20- کرکٹ کپ میں پشاور نے اسلام آباد کو36 رنز سے شکست دیدی ٗپشاور ٹیم کے صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔ پیر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے ٹاس جیت کر پشاور کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ٗپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، رفعت اﷲ میمن نے 51 گیندوں پرنو چوکوں کی مدد سے 66 رنز، صہیب مقصود نے 22 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 51 رنزاور اسرار اﷲ نے 33 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، جنید خان نے 39 رنز دے کر دو اور عبدالرحمن نے 23 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں اسلام آباد کی ٹیم یہ ہدف پورا نہ کر سکی بلکہ اس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی جانب سے آفاق رحیم نے 32 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز، عادل امین نے 26 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 32 رنز اور امام الحق نے 29 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،عمران خان اور عمران خالد نے 22،22 رنز دے کر دو، دو اور وقاص مسعود نے 32 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پشاور ٹیم کے صہیب مقصود کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

قومی ٹی 20- کرکٹ کپ کے مزید دو میچز(کل) بدھ کو پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی وائٹس کا مقابلہ لاہور وائٹس سے ہوگا، جبکہ دوسرے میچ میں کراچی بلیو اور لاہور بلیو کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی، ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ، جن میں راولپنڈی، اسلام آباد ، فاٹا،پشاور،کراچی وائٹس ، لاہور وائٹس ، کراچی بلیو اور لاہور بلیو کی ٹیمیں شامل ہیں،پہلا راؤنڈ راولپنڈی میں 2 ستمبر تک جاری رہے گا، دوسرا راؤنڈ 5 ستمبر سے ملتان میں کھیلا جائے گا،سیمی فائنل مقابلے 15 ستمبر کو جبکہ فائنل 16 ستمبر کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 29/08/2016 - 20:42:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :