Episode 6 - Harf Harf Haqeeqat By Wasif Ali Wasif

قسط نمبر 6 - حرف حرف حقیقت - واصف علی واصف

الٰہی ،یا الٰہی یا الٰہی!
اے خاموشی کی زبان سننے والے مالک ،اے اپنی مخلوق کے ہر حال سے ہمہ حال باخبر رہنے والے مولا ،ہم پر رحم فرما ،تو ہی تو جانتا ہے کہ ہم کس چیز سے محروم رہے ہیں ،اے بنانے والے ہمیں پھر سے بنا… ہم شاید ہم نہیں رہے۔ سب کچھ وہی ہے لیکن سب کچھ بدل سا گیا ہے…
ہمارا آسمان خوبصورت ہوتا تھا مگر اب وہی آسمان ہمارے سر پر وزن ڈال رہا ہے۔
پاؤں تلے سے زمین نکلا چاہتی ہے۔ ہم تیرے دیرینہ التفات سے محروم سے ہوتے جا رہے ہیں۔ ہماری زندگی تیرے محبوبﷺ کے بتائے ہوئے راستے سے بھٹک گئی ہے…
ہم انسان کی محبت سے محروم ہیں… انسان ،انسان کے قریب آئے تو یوں لگتا ہے کہ خطرہ ،خطرے کے قریب آ گیا ہے… بھائی ،بھائی کیلئے خوف پیدا کر رہا ہے۔ ہم پر بے یقینی کی وبا نازل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ہر آدمی ،ہر دوسرے آدمی سے ڈر رہا ہے۔

ہم عزم کوہ کن کی باتیں کرتے ہیں لیکن ہم حوصلہ شکن واقعات سے روشناس کر دیئے جاتے ہیں۔ جس قوم کے دل سے علما اور ادبا کا احترام ختم ہو جائے ،اس کے انجام سے ڈر سا لگتا ہے۔
میرے مولا! تو ہی ہمیں اندھیروں سے نکال… ہمیں روشنی دکھا ،ہمیں راستہ دکھا… اپنی محبت کا راستہ… کامیابیوں کا راستہ… یقین کی منزل دور ،ہوتی جا رہی ہے… تیرا فضل چاہئے… تو نے ہمیشہ ہمارے ساتھ مہربانی کی… عظیم مہربانی ،بڑا احسان۔
تیرا فضل ہمیں میسر رہا… اب کیا ہو گیا۔
ہم نے شاید شکر کرنا چھوڑ دیا… ہم گلہ اور شکایت کرنے والی قوم بنتے جا رہے ہیں… ہمارا مستقبل محرومی نہ ہو جائے… میرے مولا تیرا اپنا ارشاد ہے کہ ”اگر تم شکر کرو گے تو نعمتوں میں مزید اضافہ ہوگا“… ہم توبہ کرتے ہیں ،ناشکر گزاریوں سے توبہ ،احسان فراموشی سے توبہ…
میرے آقا! تیرا شکر ہے کہ تو نے ہمیں اپنے پیارے نبیﷺ کی امت سے پیدا کیا ہر احسان سے بڑا احسان… یہی احسان ہے… ہمیں اپنی اس عنایت کی قدر کرنے کا شعور بخش… میرے مالک! تو نے ہمیں اس ملک کی نعمت سے نوازا… یہ صرف تیرے فضل اور تیری شفقت کے سبب سے ممکن ہوا… تو نے دس کروڑ غلام مسلمانوں کو آزادی کا شعور اور آزادی کے حصول کا حوصلہ بخشا… دس کروڑ غلام مسلمان آزاد مملکت حاصل کر گئے اور آج دس کروڑ آزاد مسلمان اس مملکت اور اس آزادی کی حفاظت کرنے کا حق ادا نہیں کر رہے…
میرے اللہ! ہم تیرے سب احسانات کا شکر ادا کرتے ہیں۔
تو نعمتوں میں اضافہ فرما… ہمیں ایک منزل کے حصول کیلئے آمادہ سفر کر… ہم مختلف گروہوں میں بٹتے جا رہے ہیں… ہمارے ہاں کچھ لوگ ظالم ہیں ،کچھ مظلوم۔ ہم پر رحم فرما… جب محروم اور غریب اس مقام تک پہنچا دیا جائے کہ وہ تیری رحمت سے مایوس ہونے لگے… تو وہ وقت امراء کیلئے آغاز عبرت کا وقت ہوتا ہے۔ یا اللہ! جنہیں دولت دی ہے انہیں سخی بنا اور جنہیں غریب بنایا انہیں اپنے قریب تو رکھ۔
اے شفیق و رحیم آقا… ہم ڈرتے ہیں کہ ہمیں ہمارے اعمال کے حوالے نہ کر دیا جائے… ہمیں اعمال کی عبرت سے بچا… ہمیں اس بڑھیا کے انجام سے بچا جس نے محنت شاقہ سے سوت کاتا اور آخر میں اسے الجھا دیا۔ ہمیں رائیگاں محنتوں سے دو چار نہ ہونے دے ،میرے خدا… ہم پر کسی بیرونی دشمن نے نہیں ،اندرونی دشمن نے عذاب ڈالا… سفید پوش طبقے کی کمائی تیری کتاب چھاپنے والوں کے ادارے میں لٹ گئی… فنانس کمپنیاں غریبوں سے ظلم کر گئیں… میرے مولانا ،حالات بہتر فرما… تو تو مسبب ہے۔
سکون کے اسباب پیدا فرما…
یہ ملک تیرا ہی ہے… تیرے لئے ،تیرے نام کی عظمت کیلئے۔ تیرے ہی فضل سے بننے والا یہ ملک تیرے اور صرف تیرے ہی کرم سے قائم رہ سکتا ہے… تو اکابرین ملت کے دلوں کو ہدایت سے منور فرما ،تاکہ ملت میں وحدت کردار پیدا ہو سکے۔ دشمن کبھی طاقتور نہیں ہوتا ،بس دوست ہی چھوڑ جاتے ہیں… اے اللہ! ہم التجا کرتے ہیں ،ہم تیرے دربار میں دعا کرتے ہیں کہ ہم پر رحم فرما…
دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے واقعات ہمارے سامنے ہیں۔
ہم ڈرتے ہیں اس دن سے ،جب ہمارے اعمال ہماری عبرت بن کر ہماری راہ میں کھڑے ہوں گے اور پھر اس کے بعد کوئی راستہ نہیں ہوگا… یا الٰہی! تو ہماری منزل کو آسان فرما… ہمیں توبہ کی توفیق عطا فرما۔ اے اللہ! ہمیں اپنے ماضی ،اپنے حال اور اپنے مستقبل پر خوش ہونے والی قوم بنا… ہمیں وسوسوں سے باہر نکال۔ ہمیں مغرور اور مایوس ہونے سے بچا۔ ہم مال جمع کرنے والی اور گننے والی قوم بنتے جا رہے ہیں۔
ہم چھینا جھپٹی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ عافیت مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
کامیاب ریاست تو وہی ہے کہ ایک خوبصورت عورت ،زیورات سے لدی ہوئی ،تن تنہا ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک سفر کر جائے اور اسے کوئی خطرہ نہ ہو… ایک ایسا معاشرہ جس میں نہ کوئی مظلوم ہو ،نہ محروم… میرے اللہ یہ دور کبھی آئے گا؟ تو چاہے تو سب کچھ ہو سکتا ہے۔ تو نے تو حرف ”کن“کہنا ہے اور پھر بدل جائے گا نظام ہستی… تیرے ہی کرم کی بات ہے… تیرے ہی فضل کا سوال ہے… تیرے ہی رحم کا آسرا… تیری ہی عنایات کا سہارا ہے…
تو ہمارے دلوں کو اپنے نور سے زندہ کر… ہماری راتوں کو اپنی یاد سے آباد کر… ہمیں سوزدروں سے نواز دے… ہمیں نمائش اور آلائش سے بچا۔
ہم پر نازل فرما ،اپنے کرم کی بارش۔ ہم پر آسان فرما ،اپنی معرفت کی منزل… ہمیں ایک بار پھر وہی جام الفت دے… آباد کر اجڑے ہوئے آشیانے… ایک بار پھر اس قوم کو سنبھلنے کا موقع دے۔ ہمیں ایک درخشاں تاریخ لکھنے کا موقع دے۔ ہمیں تاریخ اسلام میں کسی روشن باب کا اضافہ کرنے والا بنا۔
اے مالک! تو ہمیں وہ زندگی دے کہ ہم بھی خوش رہ سکیں اور تو بھی ہم پر راضی رہے… اے اللہ! ہماری زندگی کے تقاضے اور دین کے تقاضوں میں جو فرق آ چکا ہے ،اسے دور فرما۔
ہماری زندگی کی ضروریات اور ہیں اور دین کی ضرورت اور ہے…
یا الٰہی! ہمیں لیڈروں کی یلغار سے بچا… ہمیں ایک قائد عطا فرما۔ ایسا قائد جو تیرے اور تیرے حبیبﷺ کے تابع فرمان ہو… ہم اس کی اطاعت کریں تو تیری ہی اطاعت کے حقوق ادا ہوتے رہیں۔ مولا… اس قوم کو میزان کا محافظ بنا۔ عدلیہ کا میزان ،تجارت کا میزان ،سیاست کا میزان ،علم و تعلیم کا میزان اور امانتوں کی حفاظت کے اداروں کے نظام کا میزان…
اے مولا! تو بن مانگے دینے والا ہے اور ہم لاعلم ،یہ بھی نہیں جانتے کہ تجھ سے کیا مانگا جائے۔
ہمارے لئے جو بہتر ہے وہ بن مانگے دے دے اور جو ہمارے لئے نامناسب ہے ،اس کے مانگنے کی توفیق ہی نہ دے۔
یا اللہ! اس قوم کے دن دیانتدار محنت میں گزریں… اس قوم کو رزق حلال سے تعارف کرا… اس کی راتوں کو اپنے ذکر سے آباد رکھ… جس قوم سے نالہٴ نیم شب اٹھ جاتا ہے ،اس سے سکون اٹھ جاتا ہے… یا اللہ ہمیں اپنے خوف کے علاوہ ہر قسم کے خوف سے آزاد رکھ… یا اللہ آدمی کا آدمی کے دل میں احترام پیدا کرے… ہم میں ایک عظیم قوم بننے کی صفات پیدا کر… والدین کو اولاد کی گستاخی سے بچا ،اولاد کو والدین کی ناراضگی سے بچا ہمارے مستقبل کو ہمارے حال سے بہتر بنا… ہمیں وعدے پورا کرنے والی قوم بنا۔
ہمیں مخالفین کو معاف کرنے کا حوصلہ عطا فرما۔ ہمیں اپنی غلطیوں کی معافی مانگنے کی جرأت عطا فرما…
اس قوم کو ایک قوم بنا… الٰہی! اپنی توحید کا واسطہ ،مسلمانوں میں وحدت پیدا فرما۔ تیرے حبیبﷺ کی امت ،تیرے حبیبﷺ کی امت کہلانے کی مستحق ہو جائے۔ یا الٰہی! سادہ اور صداقت والی زندگی عطا فرما… اور سب سے بڑی بات… تیرے کرم کی انتہا چاہتے ہیں کہ تجھ سے تیرے محبوبﷺ کی محبت مانگتے ہیں۔

Chapters / Baab of Harf Harf Haqeeqat By Wasif Ali Wasif