لاہور،آصف زرداری اور ہمشیرہ فریال تالپور پر منی لانڈرنگ کے الزام کا مقد مہ پندرہ سال پرانا ہے،چوہدری منظور

جسے ایف آئی اے نے دوبارہ کھول لیا ہے، درحقیقت ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن کا بھائی لیاری کے حلقہ سے الیکشن لڑ رہا ہے جسے الیکشن میں کامیاب کروانے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے سیاسی بلیک میلنگ پر اترآئے ہیں ، رہنماء پاکستان پیپلزپارٹی

منگل 10 جولائی 2018 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء چوہدری منظور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کے الزام کے جس مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے وہ پندرہ سال پرانا مقدمہ ہے جسے ایف آئی اے نے دوبارہ کھول لیا ہے گزشتہ روز بلاول ہائوس لاہور میں منعقدہ پیپلزپارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری منظور نے کہا کہ درحقیقت ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن کا بھائی لیاری کے حلقہ سے الیکشن لڑ رہا ہے جسے الیکشن میں کامیاب کروانے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے سیاسی بلیک میلنگ پر اترآئے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کی انتظامی مشینری بھی غیر جانبدار نہیں رہی پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم کو روکا جانا سب کے سامنے ہے انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن پیپلز پارٹی اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عدالتی پیشیوں اور نوٹسز سے نا تو پہلے گھبرائی تھی نہ اب گھبرائے گی ہم ان الزامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے دریں اثناء پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے بلاول ہائوس لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نا تو پہلے کسی دبائو میں آئے تھے اور نہ ہی اب آئیں گے انہوں نے کہا کہ بلاول ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کے اکھٹے ہونے کا مقصد پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم ایشو ملک میں ہونے والے عام انتخابات ہیں جبکہ ملک کا مستقبل بھی انہی انتخابات سے منسلک ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سندھ اور سرائیکی پٹی میں انتخابی مہم کے دوران بھرپور استقبال کیاگیا اور انہیں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی انہوں نے کہا کہ ایک طرف لوگ کہتے ہیں پیپلزپارٹی ختم ہو گئی ہے اور اگرپیپلزپارٹی ختم ہوگئی ہے تو پھر پیپلزپارٹی کی انتخابی ریلیوں کو روکتے کیوں ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں