
جن، بُھوت اور سایہ کا ایک علاج یہ بھی ہے
پیر 2 اگست 2021

چوہدری عامر عباس
میں دفتر سے واپسی پر رشید کی فروٹ شاپ پر رکا جہاں رشید حسب معمول چوکس کھڑا فروٹ فروخت کر رہا تھا. اکثر و بیشتر رشید سے فروٹ خریدنے کی وجہ سے ایک دوستی کا سا رشتہ قائم ہو گیا تھا. میں دوست ہونے کے ناطے فروٹ اسی سے خریدتا رہا اور وہ ہمیشہ آنکھ بچا کر شاپر میں دو تین گندے فروٹ ڈال کر "حق دوستی" خوب نبھاتا رہا.
خواتین کی کوالٹی ایشورنس پالیسی کا تو سب کو بخوبی اندازہ ہے لہٰذا اکثر اگلے دن رشید کو مجھ سے کڑوی کسیلی باتیں سننا پڑتی لیکن وہ پرلے سرے کا ڈھیٹ انسان کہاں باز آنے والا تھا. وہ اپنی عادت سے مجبور تھا اور میں اپنی عادت سے. اس معاملے میں اس نے کبھی مجھے مایوس نہ کیا.
(جاری ہے)
خیر اس دن اس کے ساتھ رکھے ایک سٹول پر بالکل لاغر سا سیاہی مائل رنگت کا کمزور و نخیف بچہ بیٹھا ہوا تھا جس کی آنکھیں باہر کو نکلی ہوئی تھیں. چہرے کی ہڈیاں صاف نظر آ رہی تھیں. اس کی عمر کوئی تیرہ سے چودہ سال کے درمیان ہو گی(بعدازاں جس کی تصدیق بھی ہو گئی).
"صاحب جی یہ میرا اکلوتا بیٹا ارسلان ہے".
میرے استفسار پر مزید بتانے لگا:
"وکیل صاحب یہ بہت صحت مند تھا، پڑھائی میں بھی بہت ذہین تھا. لیکن اب چھ ماہ سے بیمار ہے. ہر دو تین دن کے بعد دورہ پڑتا ہے اور بہکی بہکی باتیں کرنے لگتا ہے، کھانا پینا بھی چھوڑ دیا ہے. بہت مشکل سے دودھ وغیرہ پلاتے ہیں یا پورے دن میں روٹی کے دو چار نوالے کھاتا ہے اور بس. پہلے یہاں ہسپتال سے ڈاکٹری علاج کروایا ہے لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا بس چند دن ٹھیک رہا پھر وہی. خون کے سارے ٹیسٹ نارمل آئے ہیں لیکن پتہ نہیں کیوں ایسا ہو گیا ہے. پھر جہاں کہیں بھی کوئی بتاتا ہے دم تعویز بھی کروا رہے ہیں، کبھی چند دن کیلئے ٹھیک ہو جاتا ہے اور پھر وہی حالت. دن بدن کمزور ہوتا جا رہا ہے. بابا جی بتاتے ہیں کہ اس پر جن کا سایہ ہے اور دورہ کے دوران دراصل جن کی حاضری ہوتی ہے اور وہ جن باتیں کرتا ہے".
رشید رونے کے سے انداز میں کہنے لگا:
"صاحب جی بہت پریشان ہوں. آپ کچھ بتائیں میں کیا کروں ارسلان میرا اکلوتا بیٹا ہے".
میں نے غصے سے کہا:
" اس بچے نے بھی کبھی آنکھ بچا کر کوئی گندا اور باسی سیب کھا لیا ہو گا جو تم آنکھ بچا کر ہر بار مجھے شاپر میں ڈال دیتے ہو".
رشید کھسیانا سا ہو گیا. بچے کی حالت دیکھ کر میرا دل پسیج گیا. فوری طور پر میرے ذہن میں ایک درویش صفت سائیکا ٹرسٹ ڈاکٹر سعید الرحمن ایف سی پی ایس سکائیڑی کا نام ذہن میں آیا جو اس وقت ایک معروف نجی ہسپتال میں ہیڈ آف سکائیڑی ڈیپارٹمنٹ تھے. بہت قابل ڈاکٹر، کم گو، باریش انسان اور اللہ کے نیک بندے ہیں. میری ایک دو ملاقاتیں ہوئیں. ان کی شہرت بہت اچھی سنی. مریض کو بہت وقت دیتے ہیں. میں نے رشید کو ڈاکٹر صاحب کا نام و پتہ سمجھا دیا اور گزشتہ تمام ریکارڈ ساتھ لیجانے کو کہا. اگلے دن چھٹی تھی. اس سے اگلے دن وہ دونوں میاں بیوی اپنے بیٹے کو لے کر ڈاکٹر صاحب کے پاس پہنچ گئے. تقریباً چھ سات دن بعد میری رشید سے ملاقات ہوئی تو کہنے لگا اب رات کو سکون سے سوتا ہے. کھانا پینا ابھی بھی شروع نہیں کیا. علاج چلتا رہا اور رشید مجھے گاہے گاہے آگاہ کرتا رہا. بہت مطمئن تھا. دو ہفتوں بعد بچے نے کھانا پینا بھی شروع کر دیا اور دوروں کے درمیانی عرصہ بھی بڑھ گیا. ایک ماہ کے بعد دورے رک گئے اور بچے نے سکول جانا شروع کر دیا. رشید دلجمعی سے علاج کرواتا رہا جو مسلسل ایک سال تک جاری رہا. ایک سال علاج کے بعد اس کا بیٹا مکمل تندرست و توانا تھا. اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کی بناء پر میری کافی عرصہ تک رشید سے ملاقات نہ ہوئی.
ایک دن رشید کی کال آئی. کہنے لگا:
"تہاڈے بھتیجے دے نویں (یعنی 9th)کلاس وچوں 424 نمبر آئے نیں"(آپکے بھتیجے کے نویں کلاس میں 424 نمبر آئے ہیں).
یہ سن کر میرے دل کو ایک سکون سا ملا.
یہ سب بتانے کا مقصد صرف یہ تھا کہ جنون بھوتوں کا بہترین علاج آجکل اچھے ڈاکٹر بھی کر لیتے ہیں. دم تعویز کیساتھ ساتھ اچھے سائیکا ٹرسٹ کو بھی آزمانے میں کوئی حرج نہیں ہے.
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
چوہدری عامر عباس کے کالمز
-
کہیں دیر نہ ہو جائے۔۔۔
منگل 7 دسمبر 2021
-
ظلم تو سہتا ہے بغاوت نہیں کرتا۔۔۔۔
جمعہ 15 اکتوبر 2021
-
اس حال میں جینا محال ہے
منگل 3 اگست 2021
-
جن، بُھوت اور سایہ کا ایک علاج یہ بھی ہے
پیر 2 اگست 2021
-
حصول انصاف میں تاخیر.....
ہفتہ 31 جولائی 2021
-
اگلے جنم موہے بٹیا نہ کیجئو۔۔۔۔
جمعہ 23 جولائی 2021
-
وراثت کا مسئلہ
منگل 13 جولائی 2021
-
پہلی بار لاہور آمد اور نیشنل کالج آف آرٹس کی سیر....
جمعرات 8 جولائی 2021
چوہدری عامر عباس کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.