
تم سے حاصل ہیں راحتیں ساری
منگل 14 جنوری 2020

حیات عبداللہ
(جاری ہے)
پھر محبتوں کا وہی بحرِ بے کراں جس کی ساری منہ زور طغیانیاں اور سرکش موجیں انھیں بے کل اور مضطرب کیے رکھتی تھیں، ان میں اتنا گہرا سکوت آتا ہے کہ پھر اس میں کسی ٹھہرے پانی کی طرح بدبوؤں کے بھبکے امڈتے ہیں۔
یہ کج روی انسان کو سنسان گلیوں اور ویران گھپ اندھیروں میں لے جاتی ہے۔وہ ان میں اس قدر ٹامک ٹوئیاں مارتا ہے کہ انسانیت تک ماند پڑ جاتی ہے۔اسے اپنی شریکِ حیات سے محبت رہتی ہے نہ بچوں سے پیار۔پھر اس میں درندگی اور حیوانیت در آتی ہے۔وہ کسی بھیڑیے کی مانند اپنے اہلِ خانہ کو کھانے دوڑتا ہے۔کراچی میں اصغر نامی شخص نے اپنی بیوی اور تین بچوں پر تیزاب ڈال کر جھلسا ڈالا۔ملتان کے نواحی علاقے شجاع آباد میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی بچوں کو قتل کر دیا۔پشاور میں عزت خان نامی شخص نے گولی مار کر اپنی اہلیہ کو قتل کر دیا۔ٹھینگی میں محمد شفیق نامی شخص نے اپنی 22 سالہ بیوی نازیہ، جو کہ ایک بچے کی ماں تھی، کو ذبح کر ڈالا۔اسلام سے دُوری کا شاخسانہ ہے کہ اَن گنت گھروں کی خوں چکاں داستانیں ایسے ہی ہولناک حالات سے بھری پڑی ہیں۔خاوند کی بیوی سے بے رغبتی پہلے معمولی مسائل کو جنم دیتی ہے، پھر یہی مسائل جیون ساتھیوں کے درمیان ایسی خلیج حائل کر دیتے ہیں کہ جسے پاٹنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جاتا ہے۔شیطان دونوں جانب دلوں کو کھنڈر بنا ڈالنے کے لیے سرگرم ہو جاتا ہے۔وہ بیوی کے دل میں اس احساس کو خوب انگیخت دیتا ہے کہ وہ اپنے ماں، باپ، بہن اور بھائیوں کو چھوڑ کر آئی ہے اور شوہر کے گھر میں دن بھر نوکرانیوں کی طرح دھندا پیٹتی ہے سو معافی کا خواستگار اس کے خاوند کو ہونا چاہیے۔دوسری جانب شوہر کو اپنے گوہرِ نایاب ہونے کا اتنا زعم ہوتا ہے کہ وہ اپنی کسی غلطی پر بھی معذرت کرنا اپنی توہین اور تضحیک گردانتا ہے۔
کسی بھی پَتی اور پتنی میں رنجشوں کی ابتدا بول چال چھوڑ دینے سے ہوتی ہے۔حالاں کہ ایسا کرنا ایسی فاش غلطی ہوتا ہے کہ اس سے غلط فہمیوں کے ڈھیر لگتے چلے جاتے ہیں، اور پھر یہ غلط فہمیاں کسی آکاش بیل کی مانند محبتوں سے ہرے بھرے آنگنوں کو مغموم اور مسموم کر ڈالتی ہیں۔بنیادی وجہ اور سبب یہ ہوتا ہے کہ فریقین کے دل محبتوں سے بالکل تہی ہوتے ہیں۔اگر واقعی محبت ہو تو محبتوں میں انا کا بے ڈھنگا اور بدنما خول ہوتا ہی نہیں۔اکثر حضرات پہلے اپنی اہلیہ سے روکھا اور پھیکا پن برتتے ہیں، اور پھر کسی”اور“ سمت سرابوں اور خرابوں کا تعاقب کرنے لگ جاتے ہیں۔انھیں اپنی جورو خوب صورت دکھائی دیتی ہی نہیں۔خاوند کی محبت کی اصل حق دار بیوی، محبت کے چند بول سننے کے لیے عمر بھر ترستی رہتی ہے۔اللہ نے خاوند اور بیوی کو ایک دوسرے کے لیے راحت اور چاہت کا ذریعہ بنایا ہے۔ مگر کتنے ہی شوہر کسی اور گلی، کسی اور کوچے؛ کسی اور پگڈنڈی پر سکون اور راحت کی کھوج میں مارے مارے پھرتے ہیں۔ایسے میں وہ اپنا سب کچھ ہی تو گنوا اور لٹوا بیٹھتے ہیں۔
جو چھاؤں مہرباں ہو اُسے اپنا گھر نہ جان
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ تم میں سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہتر ہے، اور مَیں تم سب میں اپنے گھر والوں کے لیے سب سے بہتر ہوں۔ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بیویوں سے بہت زیادہ محبت کرتے۔اُن کے ساتھ کھیل کھیلتے، دوڑ لگاتے اور تفننِ طبع کے لیے ہنسی مذاق فرماتے۔
ہمدم ورازداں شریکِ حیات
تم سے حاصل ہیں راحتیں ساری
وجہ تسکینِ جاں شریکِ حیات
تجھ سے تکمیلِ ذات ہے میری
دل تری نذر کو میں لایا ہوں
یہی کُل کائنات ہے میری
عمر بھر اپنے خاوند کے دل پر راج کرنے والی ایک بزرگ خاتون نے خاوند کا دل جیتنے کا گُر یہ بتایا کہ جس وقت میرا خاوند غصّے میں آتا تھا میں ان لمحات میں نہایت احترام کے ساتھ خاموشی اختیار کر لیتی تھی، گویا۔
لوگوں کی یہ عجیب فطرت ہے کہ جو کچھ ان کے پاس ہوتا ہے، اس کی قدر نہیں کرتے اور جب وہ چھن جائے تو پھر اس کی مدح سرائی میں زمین آسمان کے قلابے ملانے لگتے ہیں۔سوچیے! کہ اب اس کا کیا فائدہ؟ اگر اللہ نے آپ کو ایک خاوند دیا ہے یا اگر اللہ ربّ العزت نے آپ کو ایک بیوی سے نوازا ہے تو کبھی کسی اور طرف جھانکنے کی بجائے، اس سے محبت کیجیے، اس کی قدر کیجیے، اس کا مذاق نہ اڑائیے، اسے دیکھ کر نہ مسکرائیے بلکہ مسکرا کر دیکھیے۔
یوں مسکرا نہ دیکھ کے، ہاں مسکرا کے دیکھ
کہ تُو نہیں تھا ترے ساتھ ایک دنیا تھی
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
حیات عبداللہ کے کالمز
-
چراغ جلتے نہیں ہیں، چنار جلتے ہیں
ہفتہ 5 فروری 2022
-
اشعار کی صحت
ہفتہ 1 جنوری 2022
-
اشعار کی صحت
جمعہ 19 نومبر 2021
-
دل سے نکلے گی نہ مر کر بھی وطن کی الفت
ہفتہ 14 اگست 2021
-
جب بھی اہلِ حق اُٹھے، دوجہاں اٹھا لائے
منگل 8 جون 2021
-
وہ دیکھو! غزہ جل رہا ہے
ہفتہ 22 مئی 2021
-
القدس کے بیٹے کہاں ہیں؟
منگل 18 مئی 2021
-
کوئی ایک گناہ
بدھ 12 مئی 2021
حیات عبداللہ کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.