
ڈھاکہ کیوں پھِسلا۔ہر پہلو پر غور کریں
منگل 15 دسمبر 2015

شاہد سدھو
(جاری ہے)
یہ تصویر کا صرف ایک پہلوہے۔ بات اتنی بھی سادہ نہیں۔ دانشوروں کو مغربی پاکستان کے اُس وقت کے سیاستدانوں ، فوجی اور سول حکمرانوں اور افسر شاہوں کی کو تاہیو ں پر غور کرتے ہوئے سوچ کا دائرہ ذرا وسیع کر نا چاہئے ۔ اِس بات پر بھی غور کر نا چاہئے کہ تحریکِ پاکستان کے رہنماوں اور ابتدائی گیارہ سالوں تک حکمرانی کر نے والے قائدِاعظم، لیاقت علی خان، اور بنگالی سیاستدانوں خواجہ ناظم الدین، اسکندر مرزا، محمد علی بوگرا، حسین شہید سہروردی اور نورالامین جو گورنر جنرل بھی رہے، صدر بھی ، وزیرِ اعظم بھی اور نائب صدر بھی نے کِیا کو تاہیاں کیں اور وہ مشرقی پاکستان کے عوام کی توقعات پر کیوں پورا نہ اُتر سکے اوربعد کے سالوں میں جنرل ایوب خان نے مشرقی پاکستان میں کونسے مظالم کئے اور جنرل اعظم خان کا کردار کیا رہا، جِس کے باعث مشرقی پاکستان میں علیحدگی کی سوچ پروان چڑھی۔ دانشور اس پر بھی غور کریں کہ کہ تاجِ برطانیہ سے آزادی کے وقت مشرقی پاکستان کے حِصے میں تقریباً ایک سو بیس فیکٹریاں آئی تھیں مگر جنرل ایوب خان کے دور میں مشرقی پاکستان میں کارخانوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے بھی بڑھ چُکی تھی اور مشرقی اور مغربی پاکستان کے لوگوں کی معاشی صورتحال میں بھی کوئی قابلِ ذکر فرق نہیں تھا، دونوں ہی حِصوں کے لوگ غربت کا شِکار تھے۔ اردو جو پاکستان کے کِسی بھی حِصے کے لوگوں کی مادری زبان نہیں تھی کو قومی زبان بنانے سے بنگالی بھائی ہی کیوں اتنا ناراض ہوگئے، یہ اعلان تو خود قائدِ اعظم نے کِیا تھا۔اِس بات پر بھی غور ہونا چاہئے کہ کیا بنگالی لیڈروں میں یہ رائے نہیں پائی جاتی تھی کہ ۱۹۴۰ کی قرارداد لاہور میں مسلمانوں کے دو ممالک کے قیام کی بات کی گئی تھی۔ دانشوروں کی طرف سے ایک تاثر یہ بھی دِیا جاتا ہے کہ علیحدگی کی وجہ فوجی آپریشن تھا۔ کیا یہ حقیقت نہیں کہ شیخ مجیب الرحمٰن کے چھ نقاط ۱۹۶۶ میں وجود میں آچُکے تھے۔ کیا یہ بھی حقیقت نہیں کہ مجیب الرحمٰن ، علیحدگی کی اسکیم اگر تلہ سازش کیس کا اہم کردار تھے اور کیا یہ حقیقت نہیں کہ مجیب الرحمٰن نے ۵ دسمبر ۱۹۶۹ کو مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش کا نام دینے کا اعلان کر دِیا تھا۔ جنرل یحییٰ خان کے رچائے ہوئے عام انتخابات سات دسمبر ۱۹۷۰ کو ہوئے۔ فوجی آپریشن سرچ لائٹ ۲۵ اور ۲۶مارچ ۱۹۷۱ کی درمیانی شب کو شروع ہُوا۔اور اگلے ہی دِن میجر (بعد میں جنرل اور بنگلہ دیش کے صدر) ضیاء الرحمٰن کی قیادت میں منحرف بنگالی فوجی اور نیم فوجی دستوں نے ۲۶ مارچ ۱۹۷۱ کو اعلانِ آزادی کر دِیا۔ اِس کے چند دِن بعد ۱۷ اپریل ۱۹۷۱ کو کلکتہ میں بنگلہ دیش کی جلاوطن حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ یہاں سوال یہ بھی ہے کہ مُکتی باہنی کے لاکھوں افراد پر مشتمل تربیت یافتہ جتھوں کا قیام کیا چند ہفتوں میں عمل میں آگیا تھا ۔ کیا اِس سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ علیحدگی کی کچھڑی فوجی آپریشن سے پہلے ہی تیار ہو چکی تھی۔ جہاں ہمارے دانشور یہ فرماتے رہتے ہیں کہ مغربی پاکستان نے بنگالیوں کو حقوق نہیں دِیے ، ان کو کمتر سمجھا اور اپنا حِصّہ تسلیم نہیں کِیا وہیں دانشوروں کو اِس بات پر بھی غور کرنا چاہئے کہ بنگالیوں نے بھی شاید اپنے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا اور ان کو بھی جغرافیائی طور پر کٹے ہوئے سیکڑوں میل دور مغربی پاکستان کے ساتھ رہنا منظور نہ تھا۔
دانشوروں سے یہ بھی گذارش ہے کہ ” پنجابی فوج“ اور ” پنجابی سیاستدانوں“ پر بھی خوب طعنہ زنی کر تے رہیں ، مگر کبھی کبھار یہ بھی بتانے کی کوشش کر تے رہیں کہ اس سارے عرصے میں صرف دو سالوں کے لئے دو ”ظالم پنجابی“ جنکے نام چوہدری محمد علی اور فیروز خان نون تھے، وزیرِ اعظم بنے۔یہ دونوں ”ظالم پنجابی“ ایک ” معصوم بنگالی “ میجر جنرل اسکندر مرزا کی گورنر جنرلی اور صدارت کے دوران اپنے عہدوں پر فائز رہے ۔ ایک اور ”سامراجی پنجابی“ ککے زئی ملک غلام محمد تقریباً چار سال گورنر جنرل رہے ۔ آپکی گورنر جنرلی کے دوران دو ” معصوم بنگالی “ خواجہ ناظم الدین اور محمد علی بوگرا وزیرِ اعظم رہے۔ دانشور حضرات، پنجابیوں کو لتاڑتے ہوئے اِس بات کا بھی دھیان رکھا کریں کہ جنرل ایوب خان پر بھی پنجابی ہونے کی تہمت نہیں اور نہ ہی متحدہ پاکستان کے آخری دِنوں کے اہم کردار صدر جنرل یحییٰ خان اور انکے بنگالی نائب صدر نورالامین اور نہ ہی اُس دور کے سیاسی عبقری ذوالفقار علی بھٹو اور شیخ مجیب الرحمٰن ” ظالم اور سامراجی پنجابی “ تھے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
شاہد سدھو کے کالمز
-
مشرقی پاکستان اور ایک بنگالی فوجی افسر کا نقطہ نظر
بدھ 15 دسمبر 2021
-
مشرقی پاکستان اور جنرل ایوب خان
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
مشرقی پاکستان اور اسکندر مرزا
منگل 7 دسمبر 2021
-
سیاسی حقیقت
ہفتہ 13 مارچ 2021
-
کون کتنا ٹیکس دیتا ہے
ہفتہ 6 مارچ 2021
-
جہان درشن
ہفتہ 27 فروری 2021
-
سقوطِ مشرقی پاکستان نا گزیر تھا؟
بدھ 16 دسمبر 2020
-
معجزے ہو رہے ہیں
جمعہ 4 دسمبر 2020
شاہد سدھو کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.