پاک چین دوستی زندہ باد۔ وان سوئے وان سوئے

جمعہ 14 اگست 2020

Zubair Bashir

زبیر بشیر

چین پاک دوستی  گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط  اورگہری ہوتی چلی جارہی ہے۔ اس   دوستی کی شاندار مثالیں  ہمیں اہم مواقع پر دیکھنے کو ملتی ہیں۔ آج ارض پاک کا 74 واں یوم آزادی منایا جار ہا ہے۔ اس دن کو چین میں خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر چین کے مرکزی میڈیا گروپ "چائنا میڈیا گروپ  "نے  مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا ۔

ان پروگراموں کو پاکستان میں لاکھوں ناظرین نے خوب سراہا جو کہ بہت خوش آئند ہے۔
پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے چودہ اگست کو بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے کے زیرا ہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے   سفیر  محترم جناب معین الحق نے سفارت خانے کی عمارت پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔

(جاری ہے)

یہ تقریب پاکستان سے دور پاکستان سے والہانہ پن  اور محبت کا شاندار مخلصانہ اظہار تھی۔

اس موقع  تحریک پاکستان کے اکابرین اور تحریک پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بیانات پڑھ کر سنائے گئے۔  
دونوں شخصیات نے اپنے پیغامات میں  ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد رہنے پر زور دیا۔ اپنے پیغام میں صدر پاکستان  کا کہنا تھا کہ  میں بھارتی قبضہ میں موجود کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے منصفانہ حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا کہ ہر فرد ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنے کا پختہ عزم کرے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد رہے۔ڈاکٹر عارف علوی کے مطابق ہمیں آج کا دن ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں ہمارے آباؤ اجداد نے دیں۔
وزیراعظم عمران خان نے  اپنے پیغام میں  قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد بھی دی اور ساتھ ہی اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن  قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن مٹی کے ان بیٹوں کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے مادر وطن کی علاقائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔وزیر اعظم کا اپنے پیغام میں  کہنا تھا کہ یہ دن توقف کرنے اور یہ ظاہر کرنے کا ایک موقع ہے کہ ہم ان نظریات کے حصول میں کتنے کامیاب ہوئے جس کے لیے ایک آزاد ریاست کا قیام عمل میں آیا تھا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سات دہائیوں کے سفر میں ہم نے مختلف چیلنجز کا سامنا کیا، ہم نے اندرونی اور بیرونی دونوں محاظ پر مشکلات کا مقابلہ کیا۔
اس موقع چین میں نوتعینات شدہ سفیر محترم معین الحق نے اپنے خطاب  کیا۔ وہ اس موقع پر بہت مسرور نظر آرہے تھے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ ہمارا اجتماعی فرض بنتا ہے کہ  ہم  "اتحاد ، نظم و ضبط اور ایمان" کے ذریعے اپنے قائد کے خواب کو تعبیر دیں ،  اور پاکستان  کوایک پر امن اور مضبوط ملک بنائیں۔ سفیر پاکستان نے پاک چین دوستی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ممالک خطے میں ترقی ، امن اور سلامتی کے خواہاں ہیں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری ہمارے مستقبل کی خوشحالی کی علامت ہے۔


سفیر نے بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور انہیں غیر متزلزل پاکستانی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی مدد کی یقین دہانی کرائی۔
 
تقریب میں شریک چائنا میڈیا گروپ کی ہونہار  میزبانوں  چوشی اور تبسم  نے ایمبسی میں موجود بچوں کے چہروں پر پاکستانی پرچم بنائے۔ جو چین پاک دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پرچم کشائی کی تقریب کا وقت صبح دس بجے تک لہذا میں اپنے بیٹے احمد اور ماہ نور کے ساتھ  علی الصبح گھر سے روانہ ہوا۔

ہم براستہ سب وے  پاکستان ایمبسی پہنچے ۔ ہم  قومی لبا س میں ملبوس تھے۔  ہم چینی دوستوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے جنہوں نے والہانہ انداز میں ہمیں یوم آزادی کی مبارک باد۔ اس دوران  مجھے پیار دوستوں شاکراللہ ، شاہدافراز خان اور ڈاکٹر ظفر ملک کی شدت سے کمی محسوس ہوئی جو اپنی دفتری مصروفیات کی وجہ سے میرے ساتھ اس تقریب میں شرکت نہیں کرپائے، ورنہ شاید ہی گزشتہ دو سال میں کوئی ایسی تقریب ہوئی ہو جس میں ہم اکھٹے شریک نہ ہوئے ہوں۔

  حقیقی دفتری مصروفیات چھوٹے بھائی شاہد افراز خان کی تھیں باقی دو احباب کو  جرمانے سے استسنی دینے کے لئے ان کا نام بھی لکھ دیا ہے
پاکستان ایمبیسی پہنچ کر یوں محسوس ہوا جیسے ہم اپنے گھر میں آگئے ہوں۔ ملی نغموں کی دھوم، لہراتے ہوئے سبز ہلالی پرچم بس دل باغ باغ ہوگیا۔  
پاک چین دوستی زندہ باد۔ وان سوئے وان سوئے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :