نواز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ،وزیر اعظم نے بجٹ اور نگران وزیراعظم کیلئے ہونے والی مشاورت پر تفصیلی بریفنگ دی

شہباز شریف کا نواز شریف کو چوہدری نثار سے ملاقات کا مشورہ ،سابق وزیر اعظم کا صاف انکار چوہدری نثار اور ان کے ساتھی پارٹی چھوڑ گئے تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب اجلاس میں ناراض رہنمائوں کو منانے کیلئے 2 کمیٹیاں تشکیل ،شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا

اتوار 29 اپریل 2018 19:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس گزشتہ روز جاتی امراء میں منعقد ہوا اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز،پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء سینیٹر پرویز رشید ،احسن اقبال ،خواجہ آصف ،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سمیت دیگر سینئرلیگی رہنماء شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نگران سیٹ اپ سمیت سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے متوقع طور پر پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات پر بھی مکمل تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو مکمل بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت نے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا اور کوشش کی ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور ان کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے پیش کردہ تین ناموں پر مکمل بریفنگ دی اور نگران سیٹ اپ کے حوالے سے مکمل مشاورت کی گئی ن لیگی ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوری طور پر پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام ناراض رہنمائوں سمیت کارکنوں کو منانے کی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ ناراض کارکن بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا اثاثہ ہیں ان سے ملاقاتیں کرکے ان کے تحفظات کو دور کیا جائے کیونکہ اس وقت پارٹی کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے اور الیکشن 2018ء میں ہم سب کو متحد ہو کر الیکشن لڑنا ہوگااجلاس میں سابق وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ناراض رہنمائوں کو منانے کیلئے دو کمیٹیاں فوری طور پر تشکیل دی ہیں ایک کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت بنائی گئی ہے جو فوری طور پر ایسے تمام مسلم لیگ ن کے رہنمائوں سے رابطے کرکے ان سے ملاقات کریگی اور ان کے تحفظات کو بھی دور کیا جائیگا جبکہ ناراض رہنمائوں کو منانے کیلئے ایک دوسری کمیٹی مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور ایم این اے حمزہ شہباز کی زیر صدارت بنائی گئی ہے جس میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ سمیت دیگر لیگی رہنمائوں کو شامل کیا گیا حمزہ شہباز کی زیر صدارت بنائی گئی کمیٹی صوبائی اسمبلی کے تمام ناراض رہنمائوں سمیت ناراض بلدیاتی رہنمائوں سے ملاقاتیں کرینگے اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائیں گے جبکہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی متوقع طور پر پارٹی چھوڑنے کی اطلاعات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی کہ اگر چوہدری نثار پارٹی چھوڑتے ہیں تو پاکستان مسلم لیگ ن کو اس سے کیا نقصان ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ چوہدری نثار کے ہمراہ کون سے اہم پارٹی لیڈر بھی مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر جاسکتے ہیں جبکہ ن لیگی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چوہدری نثار سے صلح کرنے کیلئے قائل کیا اور انہیں بتایا کہ اس وقت چوہدری نثار کا ن لیگ کو چھوڑ کر جانا پارٹی کیلئے نیک شگون نہیں ہے بلکہ اس سے پارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے ن لیگی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو چوہدری نثار سے ملاقات کیلئے بھی قائل کرنے کی کوشش کی لیکن سابق وزیراعظم نواز شریف نے چوہدری نثارسے ملاقات کرنے سے صاف انکار کر دیا مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت آئندہ الیکشن 2018ء کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی ن لیگی ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن2018ء کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر گفتگوہوئی سابق وزیراعظم نواز شریف نے تمام مسلم لیگی رہنمائوں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں جبکہ اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے مختلف شہروں میں جلسوں کے شیڈول پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے عوامی رابطہ مہم کے دوران ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر مبنی انتخابی مہم چلانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عوام کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں بتایا جائے جبکہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ن لیگی رہنمائوں کو مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔