Live Updates

جولائی کو برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا ،ْبیر سٹر سلطان محمود

پی ٹی آئی کشمیر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھائے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی ،ْسابق وزیر اعظم آزاد کشمیر

جمعرات 31 مئی 2018 15:08

منڈول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ 8 جولائی کو برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گاکیونکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تحریک کا آغاز ہوا۔

اسکے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پربربریت شروع کر دی۔اسی طرح سیئز فائر لائن پر بھی ہمارے لوگ بھارتی فائرنگ سے شہید ہو رہے ہیں۔اب اگرچہ پاک، بھارت ڈی جی ایم اوز نے فیصلہ کیا ہے کہ سیئز فائر لائن کی خلاف ورزی نہیں ہو گی۔ میں پچھلے سال بھی یہاں آیا تھا اور اپنی آنکھوں سے لوگوں کو شہید و زخمی ہوتے دیکھا۔

(جاری ہے)

میں یہاں سیئز فائر لائن سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ ہم سفارتی محاذ پر انکی مدد کرتے رہیں گے۔

میں نے دنیا میں ہر جگہ مودی کا پیچھا کیا اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا اور پی ٹی آئی کشمیر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھائے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔حلقہ منڈول اور عباسپور کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا۔ میں آپ لوگوں کی آواز بلند کرنے نکلا ہوں اور پی ٹی آئی اقتدار میں آکر عوامی مسائل حل کرائے گی۔

مسلم لیگ ن کی حکومت اب ختم ہو چکی ہے۔ عبوری سیٹ آرہا ہے دو مہنے بعد الیکشن کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت زیادہ عرصہ نہیں چل سکے گی کیونکہ خود انکے اپنے لوگ بھاگنے کو تیار ہیں۔جسطرح پاکستان میں انکے لوگ تتربتر ہورہے ہیںاس سے لگتا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی نواز شریف کی باقیات کا جلد خاتمہ ہو جائے گا۔

پیپلز پارٹی اب شہید بھٹو کی پارٹی نہیں رہی اب یہ قصہء پارینہ بن چکی ہے میں پیپلز پارٹی کے باضمیر لوگوں سے کہوں گا کہ وہ پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو جائیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز (جمعرات ) منڈول میں افطار ڈنر کے موقع پر ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر افطار ڈنر کے جلسہ کی میزبانی سردار مرتضی علی نے کی جبکہ جلسہ سے سردار سفیر عالم، چوہدری اخلاق اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں عوامی مسائل حل کرائیں گے۔

اس موقع پر سینکڑوں لوگوں نے پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے اعلان کیا تھا کہ کہ میں مودی دنیا میں جہاں کہیں بھی جائے گا میں سکا پیچھا کرونگا اور اسکا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرونگا۔میں نے ہر جگہ مودی کے خلاف مظاہرے کیے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پرپیش کیا اور اب بھی اسی مشن کو آگے بڑھانے کے لئے برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر لندن میں بھارتی ہائی کمشن کے سامنے مظاہرہ کر رہا ہوں۔

8 جولائی کو اس مظاہرے میں پورے یورپ سے تمام کشمیری و پاکستانی شریک ہونگے۔ میں ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کشمیری عوام کا مقدمہ انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے پیش کرونگا۔جبکہ مسلم لیگ کی حکومت میں مسئلہ کشمیر کا اجاگر کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا صرف سیرسپاٹے کرتے رہے اور اپنی جیبیں بھرتے رہے جبکہ میں نے اپنے محدود وسائل سے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کی حکومت آج ختم ہو گئی اور آج نواز شریف کو یہ احساس ضرور ہو گا کہ اس نے آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ چوری کرکے دھاندلی کی حکومت بنوائی۔ لیکن پاکستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔اب پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات