Live Updates

بیگم کلثوم نواز مرحومہ کی قل خوانی جاتی امراء اور شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی گئی

مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی،محفل نعت کا بھی اہتمام کیاگیا شریف فیملی کے اراکین سمیت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی

اتوار 16 ستمبر 2018 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2018ء) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز مرحومہ کی قل خوانی گزشتہ روز جاتی امراء اور شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی گئی جس میں شریف فیملی کے اراکین سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی بتایاگیا ہے کہ جاتی امراء میں ہونے والی قل خوانی میں مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی جبکہ اس موقع پر محفل نعت کا بھی اہتمام کیاگیا تھاجاتی امراء میں ہونے والی قل خوانی میں خواتین کیلئے الگ انتظامات کئے گئے جس میں نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر، مریم نواز سمیت خاندان اورعزیز و اقارب خواتین نے شرکت کی جبکہ شریف میڈیکل سٹی کی گرائونڈ میں بھی رسم قل ادا کی گئی جس میں پارٹی کے صوبائی رہنمائوں ، سماجی شخصیات ، دیرینہ کارکنوں اور عام عوام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

دونوں مقامات پر قرآن خوانی کے بعد حمد و ثناء اور نعت خوانی کی گئی اور بعد ازاں عالمی مبلغ مولانا نعیم بٹ نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا کرائی دریں اثناء جاتی امراء میں ہونے والی قل خوانی میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف ،کیپٹن (ر)صفدر،سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف ،سلمان شہباز ،مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر سمیت پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء جن میں سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،آصف کرمانی ،سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ،سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی ،مصدق ملک ،سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین،سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تاڑر ،ن لیگی سینئرر ہنما ء طارق فاطمی ،سابق وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک،سابق خاتون یم این اے شائستہ پرویز ملک ،علی پرویز ملک ،لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید ،سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ،سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ،سابق وفاقی وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری ،سابق وفاقی وزیر امور کشمیربرجیس طاہر ،سابق وفاقی وزیر خزانہ خرم دستگیر ،سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ،سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف ،سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز،سابق وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری ،جاوید ہاشمی،امیر مقام،ن لیگی رہنماء خواجہ عمران نذیر،مجتبیٰ شجاع الرحمان،رانا مشہود،میاں مرغوب ،مہر اشتیاق احمد،سیف الملوک کھوکھر،افضل کھوکھر،سیف الملوک کھوکھر ،ذکیہ شاہنواز،عظمیٰ بخاری ،سمیع اللہ خان ،بلال یاسین ،خواجہ سلمان رفیق ،غزالی سلیم بٹ ،مرزا جاوید ،مرزا لطیف سمیت مختلف ن لیگ کے سینیٹرز ،ایم این اے ،ایم پی ایز اور مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سمیت کونسلروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اوربیگم کلثوم نواز کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام رہنماء اور عوام جاتی امراء رائے ونڈ آنے کی بجائے اپنے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر بیگم کلثوم نواز کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں کارکنوں اور عام عوام کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات