مقبوضہ کشمیر میں (کل)پولنگ والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی جائیگی

بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے دفتر پر چھاپہ مار کر محمد یاسین ملک کو گرفتار کرلیا حریت رہنمائوں کا نظربندوں کو فوری طورپروادی کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے جانا بھارت کی غلطی تھی، اقوام متحدہ لے جانے کیلئے مائونٹ بیٹن نے اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو پردبائو ڈالاتھا،سابق بھارتی وزیر داخلہ

پیر 19 نومبر 2018 20:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںنام نہاد پنچایت انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران پولنگ والے علاقوں کلا روس ، مژھل ، راجور، گنستان، نوگام ، سنگرامہ ، واگورہ ، کنگن ، Rathsunاور بیج بہاڑہ میں (کل)پیر کو مکمل ہڑتال کی جائیگی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔

حریت رہنمائوںنے پیر کوسرینگر میںجاری ایک مشترکہ بیان میںلوگوں سے کہاکہ وہ کل گھروں سے باہر نہ نکل کر اس بے سود مشق کو مکمل طورپر مسترد کردیں۔بھارتی پولیس نے پیر کوسرینگر کے علاقے آبی گذر میںجموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے دفتر پر چھاپہ مار کر محمد یاسین ملک کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

انہیں کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں نظربند کیاگیا ہے۔محمد یاسین ملک نے گرفتاری سے قبل مزار شہداء عید گاہ سرینگر میں شہدائے عالی کدل کی یاد میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں شرکت کی ۔

انہوںنے لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام آبی گذر سرینگر میں منعقدہ ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ میں بھی شرکت کی۔قابض انتظامیہ نے جموں کی کوٹ بھلوال اور کٹھوعہ کی جیلوں سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر علیل رہنما غلام محمد خان سوپوری سمیت23کشمیری نظربندوں کو بھارتی ریاست ہریانہ کی جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔اس بات کا انکشاف غلام محمد خان سوپوری کے بیٹے سجاد احمد نے کوٹ بھلوال جیل کی انتظامیہ کے حوالے سے سرینگر میں میڈیا انٹرویو کے دوران کیا۔

انہوںنے بتایا کہ ان کے والد کو22دیگر نظربندوں کے ہمراہ راتوں رات ہریانہ کی جیلوںمیں منتقل کردیاگیاہے۔سیدعلی گیلانی،محمد یاسین ملک اور جماعت اسلامی سمیت سینئر حریت رہنمائوںاور تنظیموںنے اپنے الگ الگ بیانات میں اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے نظربندوں کو فوری طورپروادی کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔سیدعلی گیلانی نے علیل حریت رہنمائغلام محمد خان سوپوری جیسے کشمیری سیاسی نظربندوں کی ہریانہ کی جیلوںمیں منتقلی کوسیاسی انتقام پر مبنی کارروائیوںسے تعبیرکیا۔

تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ایک بیان میں شہید یاور وانی اور نواز احمد کو زبرست خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں گزشتہ روز بھارتی فوجیوںنے شوپیاں کے علاقے زینہ پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کردیاتھا۔بھارت کے سابق وزیر داخلہ کے نٹور سنگھ نے نئی دلی میں ایک انٹرویو میں جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے جانا بھارت کی غلطی تھی۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے جانے کیلئے گورنر جنرل مائونٹ بیٹن نے اس وقت کے بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو پردبائو ڈالاتھا۔