Live Updates

موجودہ حکومت ماضی کی غلطیاں دہرانے کی بجائے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کرے، آل پارٹیز کشمیر کانفرنس

یوم کشمیر قریب آنے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔ ہم مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو جگانے میں ناکام ہوئے ہیں، سیاسی و مذہبی رہنمائوں کاتحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب

جمعہ 1 فروری 2019 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2019ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ماضی کی غلطیاں دہرانے کی بجائے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کرے۔ یوم کشمیر قریب آنے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔

ہم مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو جگانے میں ناکام ہوئے ہیں۔ آج کشمیر کا ہر فرد اہل پاکستان سے تعاون کی اپیل کر رہا ہے۔ ستر سال سے پاکستان کے لیے قربانیاں پیش کرنے والوں کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ فروری کا پورا ہفتہ اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔بڑا پروگرام 3 فروری کو ہوگا، حسن اسکوائر سے سفاری پارک تک ’’یکجہتی کشمیر کارواں‘‘ میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں شریک ہوں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مفتی عبداللطیف، جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالکریم عابد، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر قاضی احمد نورانی، جماعة الدعوة ضلع وسطی کے مسئول حافظ عمران بھٹی، ضلع غربی کے مسئول حافظ محمد امجد، محب وطن پارٹی کے چیئرمین اسلم خان فاروقی و دیگر نے کراچی پریس کلب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مفتی عبداللطیف نے کہا کہ کشمیر کا ہر فرد اہل پاکستان سے تعاون کی اپیل کر رہا ہے۔ قرآن کی رو سے ہم پر ان کی مدد کرنا فرض ہے۔ اہل کشمیر آج اپنے شہداء کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ رہے ہیں اور ان کی قبروں پر پاکستان کا جھنڈا لہرا رہے ہیں۔ کشمیری پاکستان کے لیے اپنا خون پیش کر رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ ہمارے حکمران ان کے لیے کیا کردار ادا کر رہے ہیں برہان وانی، عبدالمان جیسے کتنے نوجوان شہداء کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔

کیا عالمی برادری کو یہ سب قربانیاں نظر نہیں آتی اقوام متحدہ ان مظالم پر خاموش کیوں ہی انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے اربوںروپے کے نقصان ہوئے لیکن وہ اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ وہ آج بھی پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں اور اپنا خون پیش کر رہے ہیں۔ مفتی عبداللطیف نے کہا کہ تحریک آزادی جموں کشمیر نے پورا ہفتہ اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور تین فروری کو حسن اسکوائر سے سفاری تک بڑا یکجہتی کشمیر کارواں نکالا جائے گا۔

ان شاء اللہ ہم ہر سطح پر اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔ کشمیریوں نے کسی صورت بھارت کے قبضے کو برداشت نہیں کیا۔ کشمیری چاہتے ہیں کہ ان کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق ملے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو تحریک کو نظر انداز کر رہی ہے۔

وہ ستر سال سے اپنی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر قریب آنے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔ کشمیریوں کو مزید آزمائش سے نہ گزارے۔ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کی اہمیت کو سمجھنے سے قاصر نظر آ رہی ہے۔

کشمیریوں سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ اور انسانیت کے ناطے سے ہے۔ کشمیر کی تحریک میں برہان وانی جیسے نوجوانوں کا کردار ہے۔ وہ اپنے حقوق اور آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو جگانے میں ناکام ہوئے ہیں۔ ستر سال سے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وقت آگیا ہے کہ ہم تحریک آزادی کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ قائد اعظم اور لیاقت علی خان کی کشمیر پر تقریریں ہمارے لیے اہمیت کی حامل ہیں۔ اقوام متحدہ امریکا کی لونڈی ہے، وہ مسلمانوں کو ان کے حقوق نہیں دلا سکتی۔ کشمیر کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا گیا ہے۔ ہم کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہر سطح پر آپ کے ساتھ ہیں۔

میں مطالبہ کرتا ہوں کہ پانچ فروری کو افواج پاکستان سرحدوں پر اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کریں، تاکہ انڈیا کو واضح پیغام دیا جاسکے۔ ہم ہر جگہ جاکر آزادی کشمیر کا نعرہ بلند کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کشمیر کے مسئلے پر آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالکریم عابد نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر تحریک آزادی جموں کشمیر کو مبارک باد دیتا ہوں۔

کسی بھی قوم کے حقوق جبراًً غصب کرنا انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔ کشمیریوں کو بھی بتانا چاہتا ہوں کہ ہر سطح پر ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ کشمیر کے حوالے سے ہماری حکومتوں نے بھرپور کردار ادا نہیں کیا۔ جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر قاضی احمد نورانی نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، وہ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔

کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے، جس پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا معیار کشمیر کے حوالے سے کچھ اور ہے اور مشرقی تیمور و جنوبی سوڈان کے حوالے سے کچھ اور ۔ بڑا المیہ یہ ہے کہ مسلم ریاستوں کے حکمران بھی مسلم امہ کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی کشمیری قربانیوں کی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔

دنیا کی کوئی طاقت انہیں غلام نہیں بناسکتی۔ بہت جلد کشمیر پاکستان کا حصہ کہلائے گا۔ محب وطن پارٹی کے چیئرمین اسلم خان فاروقی نے کہا کہ تحریک آزادی جموں کشمیر کا مشکور ہوں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا بنیادی فریق ہے۔ ہماری شہ رگ بھارت کے قبضے ہے۔ ہماری جدوجہد محض پانچ فروری تک نہیں محدود نہیں ہونی چاہئے۔ کشمیر کمیٹی کا کوئی کردار نظر نہیں آرہا۔

سابقہ حکومتوں کا کردار بھی ناکافی ہے۔ ہم اپنی ماضی کی غلطیوں کو سامنے رکھتے ہوئے بھرپور تحریک چلائے۔ جماعة الدعوة ضلع وسطی کے مسئول حافظ عمران بھٹی نے کہا کہ آزادی اللہ کی بڑی نعمت ہے، لیکن ہمیں آزادی کی قدر نہیں۔ آزادی کے لیے قربانیاں دی گئی تھیں، آج ہم آزاد پاکستان میں جی رہے ہیں۔ اہل کشمیر بھی ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں اپنی شہ رگ کشمیر کو دشمن سے آزاد کرانا ہے۔ کشمیر کی تحریک آزادی صرف پانچ فروری کی محتاج نہیں۔ ہم اہل کشمیر کو پیغام دیتے ہیں کہ آزادی کی اس تحریک میں آپ تنہا نہیں، ہم ہر سطح پر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات