Live Updates

مسلح افواج کی شاندار پریڈ ، دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالدٹینک ، میزائلوں اور دفاعی سازو سامان کی نمائش

جے ایف 17تھنڈر، ایف 16 اور میراج طیاروں کا فلائی پاسٹ کیا، طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی دی ، ائیرچیف نے کاک پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا، ترکی اور چین کی فضائیہ کے طیاروں نے ائیر شو میں لیکر فضاء میں پاکستان ددوستی کے رنگ بکھیر دیئے ،پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی ، الخالد ٹینکوں کے دستے نے مخصوص انداز میں مہمانوں کو سلام پیش کیا ،ایس ایس جی کمانڈوز اور غیر ملکی پیرا ٹروپرز نے خوبصورت اسکائی ڈائیونگ کا مظاہرہ کر کے سب کو حیران کردیا،پریڈ کے دوران وفاقی دارالحکومت نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا

ہفتہ 23 مارچ 2019 16:09

مسلح افواج کی شاندار پریڈ ، دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کے دور ان دفاعی سازو سامان ، دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی نمائش کی گئی ،جے ایف 17تھنڈر، ایف 16، میراج طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی دی ، ائیرچیف نے کاک پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا، ترکی اور چین کی فضائیہ کے طیاروں نے ائیر شو میں لیکر فضاء میں پاکستان ددوستی کے رنگ بکھیر دیئے ،پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی ، الخالد ٹینکوں کے دستے نے مخصوص انداز میں مہمانوں کو سلام پیش کیا ،ایس ایس جی کمانڈوز اور غیر ملکی پیرا ٹروپرز نے خوبصورت اسکائی ڈائیونگ کا مظاہرہ کر کے سب کو حیران کردیا،پریڈ کے دوران وفاقی دارالحکومت نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور اس مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام اآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ اور دفاعی ساز و سامان کی نمائش کی گئی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک تھے وزیراعظم عمران خان ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ،پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انورخان ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،وزیر دفاع پرویز خٹک، وزراء ، اراکین پارلیمنٹ ‘غیر ملکی مندوبین‘ سفیراء‘ہائی کمشنرز،ملکی و غیر ملکی میڈیا سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمدکا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جو بگھی میں سوار ہوکر صدارتی حفاظتی دستے کے ہمراہ تقریب میں پہنچے،سلامی کے چبوترے پر وزیر اعظم عمران خان ،ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیااور تلاوتِ کلام پاک کی گئی ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پریڈ کمانڈر بریگیڈئرنسیم انورکے ہمراہ پریڈ میں شامل پنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائٹ انفینٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘پاکستان رینجرز ‘‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ،پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوں کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ ہوا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔

فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے کی، پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کاک پٹ سے براہِ راست پیغام دیاکہ ہم اپنی فضائوں کی نگہبانی کرنا جانتے ہیں، اس موقع پر ایئر چیف نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

مسلح افواج کے زیر اہتمام پریڈ میں ترک فضائیہ اور چین کی فضائیہ کے طیاروں نے ائیر شو میں لیا اور فضاء میں پاکستان ددوستی کے رنگ بکھیر دیئے ۔مسلح افواج کی پریڈ میںپنجاب رجمنٹ ،فرنٹیئر رجمنٹ ،نادرن لائٹ انفینٹری ‘پاک فضائیہ ،پاک بحریہ ،مجاہد فورس ،فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ،پاکستان رینجرز ،پاکستان پولیس ،ٹرائر ی سروسز لیڈیز ، آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ، بوائز سکائوٹس ، گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوںنے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کو حیران کر دیا ۔

ا س موقع پر پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے مخصوص انداز میں صدر مملکت کو سلامی دی۔ آرمڈکور کا دستہ الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنلز کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔

اس موقع پر پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز میزائل سسٹم، شاہین I، شاہین II،شاہین IIIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے شہپر، براق سمیت دفاعی سازو سامان کا مظاہرہ کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے 300 فٹ کی بلندی پر پرواز کی اور شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرہ کرتے ہوئے فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیرئے ۔ پریڈ میں پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز کا 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا بھی شاندار مظاہرہ کیا۔ تینوں مسلح افواج کے پیرا شوٹرز میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں یکے بعد دیگرے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے صدر مملکت نے فرداً فرداً تمام پیرا شوٹرز سے مصافحہ کیا۔

تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیاانہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔پریڈ کے آخر پر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے صدر کو سلامی پیش کی۔پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اونٹوں پر سوار دستے نے صدر کو سلامی پیش کی۔

بعد ازاں گلوکار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کیلئے بنایا گیا خصوصی نغمہ گاکر شرکا کا لہو گرمایا۔اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کی طلباء و طالبات کے اور بچوں کے ہمراہ ہر دل پاکستان ،دل دل کی آواز ،ہر دل کی آواز ،پاکستان زندہ باد کا ملی نغمہ پیش کیا۔تقریب کے آغاز سے لیکر اختتام تک پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کرنل شفیق کی قیادت میں آئی ایس پی آر کی ٹیم نے پریڈ کے آغاز سے اختتام تک اردو اور انگلش زبان میںلائیو کمنٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔

قبل ازیں یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور موبائل فون سروس بھی بارہ بجے تک بند رہی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات