Live Updates

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی گئی

وزیراعظم عمران خان مودی کی حمایت کے بیان پر رکن ندا کھوڑو کی دوسری مذمتی قرارداد پیش بھی ایوان نے منظور کرلی

پیر 15 اپریل 2019 23:13

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ایم کیو ایم رہنما خالد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنی کارروائی کے موقع پر اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے خلاف صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد مذمت منظور کرلی جبکہ ایسی ہی ایک دوسری قرارداد وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی منظور کی گئی جو بھارتی الیکشن میں ان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم مودی کی مبینہ حمایت کے بیان پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ندا کھوڑو نے پیش کی تھی۔

شہلا رضا نے اپنی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے کبھی غیر جمہوری اقدار کو پروان نہیں چڑھایا،فاطمہ جناح پر حملہ ہوا تو کراچی کے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا،پھر کراچی کو نظر لگ گئی اور خون کی ہولیاں کھیلی گئیں،یہاں کے لوگوں کو زبان مذہب اور فرقے بندی کا بنیاد پر تقسیم کیا گیا،کچھ دن پہلے کی پریس کانفرس کوئی نئی بات نہیں ماضی میں بھی اس قسم کے کام ہوتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہلا رضا نے کہا کہ یہ وہ صوبہ ہے جب لٹے پھٹے ہمارے آبائو اجداد آئے تو میرے نانا کو قانون ساز ادارے کا رکن بنایا گیا،مجھے چمچہ گیری پ اور زبان کی بنیاد پر نہیں بلکہ کام اور کردار پر اہمیت دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کسی کے اشارے سے صوبے میں بدامنی ہوگی تو تفریق ختم نہیں ہوگی ۔کراچی کے عوام کو کچھ وقت بیوقوف بنایا گیا،آج لندن میں بھی جائیدادیں نکل آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے ہم اپنی مائوں کو تقسیم کریں جس کا پانی پیا اور جہاں کی گندم کھائی اس سے بے وفائی کریں،ہمارے بڑوں نے ترک وطن کا فیصلہ کیا اور یہاں رہنے کی بات کی ،ہمیں مودی کی دنیا میں نہیں جانا،یہ وہ دھرتی ہے جہاں ہمارا طویل ترین گورنر رہا ۔ایک وقت تھا جب وہاں سے آئے شخص کو یہاں کے لوگوں نے وزیر اعظم بنایا۔انہوں نے کہا کہ کوٹہ سسٹم پر تنقید کی جاتی ہے مگر اسکی ضیاء اور دوسری حکومتوں نے توثیق کی ۔

انہوں نے کہا کہ ان اسمبلیوں میں قائد کی جان کو خطرے کی کئی قرادایں پیش کی گئیں مگر کوٹا سسٹم کے خاتمے کی کتنی قراردادیں لائی گئیں۔ شہلا رضا نے کہا کہ بھاریوں کی بات کی جاتی ہے بھٹو نے ان کو پاکستان لائے تھے اور کس نے بھاریوں کو پاکستان واپس بلایا۔انہوں نے ایم کیو ایم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو ہمارے ساتھ بھی حکومتوں میں رہے نوازشریف کے ساتھ بھی رہے ،پنجاب میں بھی اردو بولنے والے ہیں ادھر تو انکے رنگ میں رنگے ہوئے ہیں ادھر مہاجر کیوں ہیں،اگر کوئی مہاجر ہے تو صرف افغان مہاجر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سندھ میں اسپتال اور کوئلے پر بجلی بن رہی ہے کے پی میں دل کے آپریشن بند ہیں پنجاب میں بحریہ اسپتال چلارہا ہے۔اسپیکر نے نے قراداد منظوری کے لئے پیش کی تو اپوزیشن کی جانب سے نو کی کوئی آواز نہیں آئی جس پر سندھ اسمبلی نے قراداد اتفاق رائے سے پاس کرلی تاہم اس دوران اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے زبردست شور شرابہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے بھارتی الیکشن میں مودی کی حمایت کے بیان پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ندا کھوڑو کی جانب سے پیش کردہ ایک دوسری مذمتی قرارداد پیش بھی ایوان نے منظور کرلی ۔قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے نداکھوڑو نے کہاکہ عمران خان بھول گئے ہیں کہ یہ و ہی مودی ہے جس نے کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی ہے ،مودی پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف بھارتی جارحیت کاذمہ دار ہے ۔وزیراعظم عمران خان کا مودی کے حق میں بیان دینا انتہائی افسوس ناک ہے اور میںمطالبہ کرتی ہوں کہ عمران خان اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔قرارداد کی منظور ی کے بعدسندھ اسمبلی کا اجلاس منگل 16 اپریل کی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات