Live Updates

فیصل واوڈا نے اگلے اپوزیشن رہنماء کی گرفتاری بارے پیشگوئی کردی

اب اگلی گرفتاری کس کی ہوگی؟ شاہد خاقان عباسی جلد جیل جانے والے ہیں۔ وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا کا دعویٰ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 11 جون 2019 22:30

فیصل واوڈا نے اگلے اپوزیشن رہنماء کی گرفتاری بارے پیشگوئی کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جون 2019ء) وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے اگلے اپوزیشن رہنماء کی گرفتاری بارے پیشگوئی کردی۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی جلد گرفتار ہونے والے ہیں،واضح رہے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور سابق صدرآصف زرداری کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے ایک سوال ”اب کون گرفتار ہوگا“ کے جواب میں کہا کہ شاہد خاقان عباسی جلد جیل جانے والے ہیں۔

واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر نیب ٹیم نے گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کیا، نیب نے آصف زرداری کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا۔احتساب عدالت نے آصف زرداری کو10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

(جاری ہے)

اور 21جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اسی طرح لاہور ہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازکی ضمانت منسوخ ہونے پرنیب نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

مزید برآں لندن اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی متحدہ الطاف حسین کو آج صبح لندن سے گرفتار کرلیا ہے۔ دوسری جانب سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے میری پچھلے دنوں ملاقات ہوئی، انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے کامیاب جلسے کیے ہیں۔ اب 2بڑے جلسے کریں گے۔ایک جلسہ پشاور میں کریں گے اور دوسراکوئٹہ میں کریں گے۔

پھر ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے۔حامدمیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آباد میں تقریباً 10لاکھ لوگ لے کرآئیں گے، میں نے ان سے کہا کہ 10لاکھ لوگ بڑی بات ہے، اگر آپ 10ہزار لوگ ہی لے آئیں تو بڑا معرکہ ہوگا۔ کیونکہ عمران خان نے 2014ء میں جو دھرنا دیا تھا ۔اس میں شروع میں لوگ زیادہ تھے لیکن بعد میں بہت کم رہ گئے تھے۔ لیکن مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جو لوگ ہمارے ساتھ جائیں گے ان میں ایک بندہ بھی واپس نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن موجودہ حالات میں لانگ مارچ کی بات کررہے ہیں یہ بہت بڑی چیز ہے۔ایسے حالات میں جب آصف زرداری کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے اور نوازشریف پہلے ہی جیل میں ہیں۔میری اطلاع کے مطابق نیب بلاول بھٹو اور مریم نوازکو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ لگتا ایسے ہے کہ حکومت اپنی غلط پالیسی کے باعث اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونے کا موقع دے رہی ہے۔اسی طرح حکومت نے جلتی پرجو تیل کا کام کیا ہے وہ وکلاء کا احتجاج ہے، وکلاء نے 14جون کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔وکلاء کا احتجاج سیاسی جماعتوں سے پہلے شروع ہوجائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات