Live Updates

شہباز شریف اینڈ سنز کے کالے دھن اور منی لانڈرنگ کے مزید شواہد سامنے آئے ہیں، زلزلہ متاثرین کے لئے برطانوی امداد پر بھی شریف خاندان نے ہاتھ صاف کیے، شریف خاندان نے پاکستان کی عزت کو دنیا بھر میں بدنام کر دیا، دولت کے لالچ میں سرکاری عہدوں کا استعمال کیا،ڈیلی میل کی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں، 2003ء میں شریف خاندان کے ڈیڑھ لاکھ پائونڈ سے بڑھ کر 2018ء میں 20کروڑ پائونڈ تک پہنچ گئے،ان کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود کا نہیں بلکہ اپنی جائیدادوں کا تحفظ ہے، قوم جن کو رہبر سمجھتی رہی وہ رہزن ثابت ہوئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ملک کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کے سبز پاسپورٹ کو دنیا بھر میں عزت دلائیں گے، حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، میڈیا کارکنوں کے حقوق کا تحفظ وزیراعظم کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے

وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس

اتوار 14 جولائی 2019 21:15

شہباز شریف اینڈ سنز کے کالے دھن اور منی لانڈرنگ کے مزید شواہد سامنے ..
سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اینڈ سنز کے کالے دھن اور منی لانڈرنگ کے مزید شواہد سامنے آئے ہیں، زلزلہ متاثرین کے لئے برطانوی امداد پر بھی شریف خاندان نے ہاتھ صاف کیے، شریف خاندان نے پاکستان کی عزت کو دنیا بھر میں بدنام کر دیا، دولت کے لالچ میں سرکاری عہدوں کا استعمال کیا،ڈیلی میل کی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں،2003ء میں شریف خاندان کے ڈیڑھ لاکھ پائونڈ سے بڑھ کر 2018ء میں 20کروڑ پائونڈ تک پہنچ گئے،ان کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود کا نہیں بلکہ اپنی جائیدادوں کا تحفظ ہے، قوم جن کو رہبر سمجھتی رہی وہ رہزن ثابت ہوئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت ملک کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کے سبز پاسپورٹ کو دنیا بھر میں عزت دلائیں گے، حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، میڈیا کارکنوں کے حقوق کا تحفظ وزیراعظم کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیالکوٹ کی 4کروڑ 70لاکھ رجسٹرڈ آبادی کی تمام بنیادی ضروریات اور مسائل کا حل وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام دوست پالیسی سے جڑے ہوئے ہیں، اس کو آگے بڑھانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں کے ذریعے عوام کی مشکلات کے تدارک کے لئے لائحہ عمل طے کیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس ملک کا کھویا ہوا وقار، شناخت دلایا جائے گا اور پاکستان کے سبز پاسپورٹ کو دنیا بھر میں عزت دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے عوام کے لئے حقوق کے لئے کوشاں ہیں جبکہ اس کے برعکس ایک اور خاندان جو دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے کوئی موقع خالی نہیں جانے دینا چاہتے۔

شہباز شریف اینڈ سنز کے کالے دھن اور منی لانڈرنگ کے مزید شواہد سامنے آئے ہیں، زلزلہ متاثرین کیلئے برطانوی امداد پر بھی شریف خاندان نے ہاتھ صاف کیے ہیں، منی لانڈرنگ اور کرپشن کا ماہر خاندان برطانیہ کو چونا لگانے سے بھی باز نہ آیا، اس خاندان نے پاکستان کی عزت کو دنیا بھر میں بدنام کر دیا، دولت کے لالچ میں سرکاری عہدوں کا استعمال کیا گیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان نے منی لانڈرنگ کیلئے اپنی خواتین کا بھی استعمال کیا۔ شہباز شریف کے حوالے سے برطانیہ کے اخبار میں جو سٹوری چھپی ہے اس سے پاکستان کا سر شرم سے جھک گیا ہے، بدقسمتی سے حقائق کے برعکس جو پاکستان کے معصوم ذہنوں کو یہ خاندان گمراہ کرتا ہے ایک مافیا بن کر گٹھ جوڑ اور میچ کو فکس کر کے کھیلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اداکاری کر کے پاکستان کے عوام کے ساتھ کھیلتا رہا، ڈیلی میل کی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں، مافیا نے گٹھ جوڑ سے کرپشن کے ذریعے پیسہ کمایا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپنے آپ کا خادم اعلیٰ کہنے والے شہباز شریف کی داستان چھپی ہے جنہوں نے کہا تھا کہ اگر ان پر کوئی دمڑے اور دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو وہ سیاست چھوڑ جائیں گے۔

یہ رپورٹ پاکستانی اخبارات میں نہیں بلکہ برطانوی اخبار میں شائع ہوئی ہے، برطانوی اخبارات میں ثبوت کے بغیر کوئی خبر شائع نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ ڈیلی میل سٹوری کے پیچھے کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ حکومتی ایجنڈا ہے، برطانیہ نے زلزلہ اور سیلاب متاثرین کے لئی50کروڑ پائونڈ امداد دی تھی جن میں شہباز شریف کے داماد علی عمران کو 10لاکھ پائونڈ کی اضافی امداد دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 2003ء میں شریف خاندان کے اثاثے ڈیڑھ لاکھ پائونڈ تھے جبکہ 2018ء میں شریف خاندان کے اثاثے 20کروڑ پائونڈز تک پہنچ گئے، برطانیہ نے اس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب محمود نے بھی لاکھوں پائونڈز کی منی لانڈرنگ کی اور اس کو ٹرانسفر کیا۔ برمنگھم سے امداد شہباز شریف کے اکائونٹ میں منتقل ہو گئی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ اس ملک کے اندر 2سیاسی اداکار جماعتیں روز ایک سیاسی تھیٹر لگاتی ہیں، جن کی بات گھر والے بھی نہیں مانتے وہ وزیراعظم کی ساکھ پر انگلیاں اٹھاتے ہیں اور پاکستانی قوم کے ذہنوں کو گمراہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے، حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، میڈیا کارکنوں کے حقوق کا تحفظ وزیراعظم کے ایجنڈے کی سرفہرست ہے، پاکستان میں کسی بھی ادارے میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت پر حملہ اور سنسر شپ کے حوالے سے میڈیا سے اپیل ہے کہ مجھے پورے پاکستان میں کوئی ایک ایسا اخبار، اینکر، رپورٹر اور دیگر بتا دیں کہ حکومت نے کسی کو بولنے سے لکھنے سے روکا ہو۔

بلاتفریق احتساب پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اکائونٹ کے حوالے سے ایسے انکشافات سامنے آئے ہیں کہ جن کے اکائونٹ سے ٹرانزیکشن ہوئی ہے ان میں 90فیصد لوگ ایسے ہیں جن کے پاسپورٹ بھی نہیں بنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں پوری قوم کو گمراہ کیا، قوم حقائق کو جان چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے لئے مریم نواز کو لاکھوں ڈالر دیے ، آج زلزلہ زدگان کے فنڈز سے ہاتھ صاف کرنے کی داستان سامنے آئی ہے، اس کی تحقیق بھی کریں اور مشعل اوباما کی طرف سے تعلیم کے لئے دئیے گئے فنڈز کس کس کو تقسیم کیا گیا اس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) نے ووٹ کو عزت دو کی جو مہم شروع کی تھی انہوں نے نوٹ کو عزت دو کا فارمولا اپنایا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ایرا کے اندر زلزلہ زدگان کے لئے لاکھوں ڈالر آئے لیکن اکرام نامی شخص نے دمڑی اور دھیلے والی سرکاری کو پیسے دیے۔ اکرام سے علی عمران کے اکائونٹ میں ٹرانزیکشن کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی فائدے کے لئے تاجروں کو ہڑتال پر اکسایا جا رہا ہے، ان کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود کا نہیں بلکہ اپنی جائیدادوں کا تحفظ ہے، قوم جن کو رہبر سمجھتی رہی وہ رہزن ثابت ہوئے ہیں۔

ان کی سوچ اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنے خاندان پر ہی ختم ہوتی ہے۔ منی لانڈرنگ کی یہ رپورٹ ایک ٹریلر ہے اصلی فلم آنے والے دنوں میں آئے گی۔ یہ فلم اس قوم کے لئے سبق ہو گا کیونکہ جن جن لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا وہ ان کے کرتوتوں سے شرمندہ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان کے عزائم کے سامنے چٹان بن کر کھڑے ہیں، وہ ان کے کالے کارنامے عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں، شریف خاندان قوم سے معافی مانگے اور پیسہ واپس کرے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم کا ممبر ہوتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور پانی و بجلی کے وزیر خواجہ آصف دبئی کی کمپنی سے کس بنیاد پر تنخواہ لیتے رہے ، وہ ذرائع اور حقائق سامنے لائے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ہم پاکستانی اداروں کو مضبوط کر رہے ہیں اور ان اداروں کی فکر کر رہے ہیں جن پر ماضی میں حملے ہوئے، پاکستان کے آئین کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست کے 12ویں کھلاڑی کو قوم نے مسترد کر دیا جو 1988ء کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ سے باہر ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی نگاہ بطور عالم دین اسلام پر ہونی چاہیے لیکن ان کی اسلام آباد پر ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ ایک خاتون کے اکائونٹ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ یہ پیسے کہاںسے آئے، ان کی دستاویز تیار ہے۔

تیار ہوتے ہی میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ججز کی ویڈیو سکینڈل مافیا کے کردار کو بیان کرتی ہے کہ انہوں نے کس طرح اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ اس حوالے سے عدالت حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کے اندر گارڈ فادر کا ٹائٹل اس خاندان کے عمل نے ثابت کیا ہے کہ وہ اس ٹائٹل کے حقدار تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ سیالکوٹ کے تاجر پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، یہاں کارخانے چلیں گے تو غریب کا چولہا جلے گا۔ پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت کی موجودگی میں تاجروں کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ ہڑتال نہیں ہو گی لیکن کچھ تاجروں کے برعکس پروپیگنڈہ کیا۔ تاجروں کو آج بھی حکومت سینے کے ساتھ لگانے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شکر گزار ہیں جو ہڑتال کا حصہ نہیں بنے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات