صدر آزاد کشمیر کاپاکستانی قوم کے بھر پور انداز میں یوم سیاہ منانے اور یوم آزاد ی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور منانے پر اظہار تشکر

قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہی مودی کے شیطانی عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتاہے ،کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک بڑی کامیابی ہے،مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے ہمیں بہت محنت کرنا ہو گی ،سردار مسعود خان

جمعہ 16 اگست 2019 16:17

صدر آزاد کشمیر کاپاکستانی قوم کے بھر پور انداز میں یوم سیاہ منانے ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بھارت کے ظلم و بربریت کے خلاف پاکستانی قوم کی طرف سے بھر پور انداز میںیوم سیاہ منانے اور یوم آزاد ی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور منانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہی مودی کے شیطانی عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتاہے ۔

یوم سیاہ کے حوالے سے مظفرآباد میں عوامی ریلی سے خطاب کے بعد ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات کے لئے آنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جیسے قومی اہمیت کے معاملہ پر حکومت ،اپوزیشن اور عوام کے یکساں موقف سے ظلم کی چکی میں پسنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہو ئے ہیں اور انہیں یہ احساس ہوا کہ وہ اپنی جائز اور منصفانہ جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ پاکستان اور آزادجموں و کشمیر کے بائیس کروڑ عوام ان کی پشت پر ہیں ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے جن مسلم لیگی رہنما نے ملاقات کی ان میں خواجہ محمد آصف ، پروفیسر احسن اقبال ، پرویز رشید ، مریم اورنگزیب ، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، طارق فضل چوہدری ، محسن رانجھا ، چوہدری برجیس طاہر، چوہدری عابد رضا اور دیگر شامل تھے جبکہ آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر اطلاعات مشتاق منہاس ،وزیر برائے اعلی تعلیم کرنل ریٹائرڈ وقار نور ، وزیر حکومت ڈاکٹر محمد مصطفی بشیر اور مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس ایک بڑی کامیابی ہے لیکن مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے ہمیں بہت محنت کرنا ہو گی کیونکہ بھارت نے اس مسئلہ پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی پاکستان کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہوا ہے اور وہ آئندہ بھی پاکستان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس وقت عالمی برادری کی توجہ تنازعہ کشمیر پر پوری طرح مرکوز ہے لیکن خدشہ ہے کہ بھارت پلوامہ یا ممبئی طرز کا کوئی ڈرامہ رچا کر یا پاکستان کے خلاف کوئی فوجی مہم شروع کر کے دنیا کی توجہ اس مسئلہ سے ہٹانے کی کوشش کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو ، میڈیا سنسر شپ عائد کر کے اور کشمیریوں کی گردن پر بندوق کی نالی تان کر دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کوقبول کر لیا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر کی عوام نے سخت ترین کرفیو کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر بھارتی اقدامات کے خلاف شدید نفرت اور حقارت کا اظہار کیا ہے اور جس دن بھارت نے کرفیو ہٹایاتو صورتحال بلکل مختلف ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار بھارتی حکومت کے خلاف لداخ میں شدید مزاحمت سامنے آئی اور آنے والے چند دنوں میں اس میں مزید شدت پیدا ہو گی ۔

دریں اثناء آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ ، سیز فائر معائدے کی خلاف ورزی اور پاک فوج کے تین جوانوں سمیت پانچ شہریوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی فوج کے اس بزدلانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ صدر آزادکشمیر نے اپنے ایک علیحد ہ بیان میں مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نائیک تیمور ، رمضان اور تنویر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھارتی فوج کی بزدلانہ اورغیر پیشہ ورانہ اقدامات سے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے پست کئے جا سکتے ہیں اور نہ ہی بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لئے جاری تحریک آزادی کو دبایا جا سکتا ہے ۔