ہندوستان خطہ میں جنگی جنون کو ہوا دے کر ناکامیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے ، سردار عتیق احمد خان

مقبوضہ کشمیر کے عوام تاریخ ساز قربانیاں دے رہے ،محور اور مقصد تکمیل پاکستان ہے ، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

ہفتہ 30 مئی 2020 15:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہیکہ ہندوستان خطہ میں جنگی جنون کو ہوا دے کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل راولپنڈی میں مسلم کانفرنس کی مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر سردار صغیر بیگ ، مسلم کانفرنس سٹی صدر راولاکوٹ خواجہ محمد جاوید و دیگر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تاریخ ساز قربانیاں دے رہے ہیں ان قربانیوں کا محور اور مقصد تکمیل پاکستان ہے ، کشمیری نوجوان پاکستان کے پرچم میں دفن ہورہے ہیں ان حالات میں اہل پاکستان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا ،انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی کی صورت میں ہندوستان میں ایک ہٹلر ابھر چکا ہے اس انتہا پسندی کا راستہ روکنا ضروری ہے دنیا نے اس خطرے کا احساس اور ادرا ک نہ کیا تو جنوبی ایشاء میں تباہی پھیل سکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری آزاد کشمیر کے عوام کو خوف زدہ کرنے کی ناکام کوشش کی ، آزاد کشمیر کے عوام بہادروں ، مجاہدوں کی اولاد ہیں جنہوں نے جہاد کے ذریعے ڈوگرہ حکمرانوں کو یہاں سے مار بھگایا تھا ، انہوں نے کہا کہ کورونا بحران ابھی ختم نہیں ہوا اس لئے عوام کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ، سماجی فاصلوں اور ہجوم بنانے سے گریز ضروری ہے انہوں نے کہا کہ جوں جوں لاک ڈائون میں نرمی ہورہی ہے عوام کی ذمہ داریاں بڑھ رہی ہیں عوام کو ہر صورت حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بحرانوں میں ہی عوامی شعور اور صلاحیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان سے اسسٹنٹ کمشنر سردار عبدالقادر کے علاوہ دیگر نے بھی ملاقاتیں کیں ، اس موقع پر انہوں نے قائد مسلم کانفرنس کو صحت یابی پر مبارکباد دی۔