وزارت خارجہ میں کشمیر پر ایک ماہر اور باصلاحیت فوکل پرسن مقرر کرے ،عبدالرشید ترابی

کشمیر پر ورچیوئل کانفرنسز کے ذریعے برطانوی اور یورپی ممبران پارلیمنٹ اور خلیجی ممالک کے اہل دانش اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرنے کے لیے صدر ریاست سردار مسعود خان کی سرپرستی میں اہم پیش رفت خوش آئند ہے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی اور ان تمام منتظمین اور شرکاء کی کاوشوں کی تحسین کرتاہوں جنہوں نے بھارت کے مکروہ چہرہ سے نقاب اتارنے میں اپنا کردار ادا کیا ، آزاد خطہ میں فی الفور نوجوانوں کی تربیت اور سابق فوجیوں کو متحرک و منظم کیا جائے،کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل

جمعرات 11 جون 2020 22:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2020ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارتی سیاسی اور عسکری رہنمائوں کی طرف سے آزادکشمیر پر حملے کی مسلسل دھمکیان تشویشناک ہندوستان کی یہ حماقت نہ صرف کشمیر کی آزادی بلکہ بھارت کی تباہی پر منتج ہو گئی یہ تاریخی حقیقت ہے کہ ظلم اور نا انصافی کی پروردہ اور علمبردار طاقتیں جب محض اپنی طاقت کے گھمنڈ پر قوانین فطرت کو چیلنج کرتی ہیں تو وہ اسی آگ میں بھسم ہو کر راکھ بن جاتی ہیں، کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرتے ہوئے جذبہ جہاد سے سرشار ہو کر 1947ء کا وہ مجاہدانہ کردار ادا کریں جو حالات کا تقاضا ہے مقبوضہ ریاست کے قائدین حریت ،مجاہدین کرام اور حریت پسند عوام نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر ایثار و استقامت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیری گزشتہ دس ماہ سے لاک ڈائون میں ہیں کورونا کی وجہ سے حالات ان کے لیے مزید اجیرن کردئیے گئے ہیں پوری دنیا اس وباء کی لپیٹ میں ہونے کی وجہ سے مقبوضہ ریاست میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہو چکا ہے ان کی نظریں آسمان کی طرف ہیں یا اہل پاکستان اور آزادکشمیر کی طرف سب کی ایک ہی پکار ودعا ہے کہ اے اللہ ہمیں ظالموں کی اس بستی سے نجات عطا فرمااور ہمارے لیے کوئی حامی و مدد گار بھیج جو ہمیں ظالموں کے شکنجے سے نجات عطا فرمائے ،ان کی پکار پر لبیک کہنے کا وقت آن پہنچا ہے اس لیے آزاد خطہ میں فی الفور نوجوانوں کی تربیت کا اہتمام کیا جائے اور سابق فوجیوں کو متحرک و منظم کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور دریں اثناء میڈیا نمائندوں گے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ لداخ میں چینی افواج کی طرف سے بھارتی افواج اور مودی حکومت کو جو سبکی ہوئی ہے اور جو ذلت اٹھانا پڑی اس کے اثرات زائل کرنے کے لیے وہ آزاد خطہ میں کوئی بھی حماقت کر سکتا ہے جس کے تدارک اور اس سے پیدا ہونے والے امکانات سے استفادہ کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل حالات کا تقاضا ہے ۔

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ Covid-19کے باوجود تارکین وطن کی طرف سے کشمیر پر ورچیوئل کانفرنسز کے ذریعے برطانوی اور یورپی ممبران پارلیمنٹ اور خلیجی ممالک کے اہل دانش اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرنے کے لیے صدر ریاست سردار مسعود خان کی سرپرستی میں اہم پیش رفت کو خوش آئند ہے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی اور ان تمام منتظمین اور شرکاء کی کاوشوں کی تحسین کرتاہوں جنہوں نے بھارت کے مکروہ چہرہ سے نقاب اتارنے میں اپنا کردار ادا کیا ،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بالخصوص خلیجی ممالک میں کشمیر اور بھارت میں مودی حکومت کی مسلم کش پالیسیوں کو بے نقاب کرنا ایک اہم پیش رفت ہے یہ پیش رفت جو ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کرسکتی ہے جس کے نتیجے میں مصلحت کوش مسلم حکمران بھی راہ راست پر آسکتے ہیںقانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ کشمیر حکومت پاکستان اور وزارت خارجہ سے توقع رکھتے ہیں کہ اس موافق فضاء سے استفادہ کے لیے موثر اقدامات کرے گی اور پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرے بھارت محض بیانات یا قراردادوں سے باز آنے والا نہیں ہے اب وقت آگیا ہے کہ دنیا پر واضح کیا جائے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے وہ اپنا کردار ادا کریں یا کشمیریوں کا حق مزاحمت بحال کیا جائے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے اس کو برئوے کار لا کر انہوں نے 1947ء میں ریاست کا ایک تہائی حصہ آزاد کرایا اور ہمارا ایمان ہے کہ اس جہاد کے تسلسل سے ہی بقیہ ریاست بھی آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوگی ۔

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ سلامتی کونسل میں آئندہ دو برس کے لیے بھارت کی غیر مستقل ممبر ملک کی حیثیت سے تعیناتی پر شدید تشویش کااظہار کرتا ہے ایک ایسا ملک جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اس کے چارٹر اور بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے کو سلامتی کونسل میں نمائندگی دینا خود اقوام متحدہ کے مقاصد کی نفی ہے،تاریخ کے اس فیصلہ ساز مرحلے پر حکومت پاکستان کو اس اہم ادارے میں بھارتی نمائندگی کی وجہ سے اس کے شیطانی عزائم کا توڑ کرنے کے لیے موثر حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ موثر سفارتی حکمت عملی طے کرنے کے لیے دیگر اقدامات کے علاوہ وزارت خارجہ میں کشمیر پر ایک ماہر اور باصلاحیت فوکل پرسن مقرر کرے ۔