ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو یاد رکھیں پیپلز پارٹی کی ہر عورت جدوجہد کے لیے تیار ہے، آصفہ بھٹو

جس طرح آپ نے مادر جمہوریت کا ساتھ دیا، اسی طرح بلاول بھٹو کا بھی ساتھ دیں،حکمرانوں کو لگتا ہے کہ ہم گرفتاریوں سے ڈر جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ، آصفہ بھٹو زرداری کا ملتان جلسے سے خطاب

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 30 نومبر 2020 19:38

ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو یاد رکھیں پیپلز پارٹی کی ہر عورت جدوجہد ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2020ء) آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر یہ حکومت ہمارے بھائیوں کو گرفتار کرے گی تو یہ یاد رکھیں پیپلز پارٹی کی ہر عورت جدوجہد کے لیے تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کی سیاست میں انٹری ہو چکی ہے۔ ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ میں آپ سب کی شکرگزار ہوں جو اس سیلیکٹڈ کے ظلم و جبر کے باوجود اس قدر تعداد میں یہاں موجود ہیں ۔

آپ نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے کہ اس سیلیکٹڈ کو اب جانا ہوگا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد عوامی ،جمہوری اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے رکھی تھی اور وہ کبھی اس سے پیچھے نہیں ہٹے ۔

(جاری ہے)

ہماری قائد محترمہ بینظیر بھٹو ان کے مشن کو لے کر آگے چلیں اور اس راہ میں شہادت قبول کی ۔ صدر آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم اور بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی بنیاد رکھ کر عوامی حکمیت کی جدوجہد جاری رکھی ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکن اس راہ میں قربان ہوئے، انہوں نے شہادتیں قبول کیں، میں ان تمام کارکنوں کو سلام کرتی ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساتھیو ! میں آپ کے درمیان ایسے وقت میں آئی ہوں جب کہ میرا اور آپ کا بھائی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا میں مبتلا ہے ۔ جس طرح آپ نے ایم آئی ٹی میں مادر جمہوریت کا ساتھ دیا، جس طرح آپ نے دختر مشرق کا ساتھ دیا، اس طرح مجھے امید ہے کہ پی ڈی ایم کے اس پلیٹ فارم پر آپ لوگ بلاول بھٹو زرداری کا بھی ساتھ دیں گے ۔

او رمیں بھی آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ اس مشن پر ہر قدم پر میں چیئرمین بلاول بھٹو اور آپ کے ساتھ رہوں گی۔حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ ہم گرفتاریوں سے ڈر جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ۔ اگر یہ ہمارے بھائیوں کو گرفتار کریں گے تو یہ یاد رکھیں پیپلز پارٹی کی ہر عورت جدوجہد کے لیے تیار ہے ۔ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن اور شہید بینظیر بھٹو کے خوابوں کو پورا کریں گے ۔ اور اپنے ملک اور ملک کی عوام کو ان سیلیکٹڈ حکمرانوں سے بچائیں گے ۔