مظفرآباد، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے زیر اہتمام بھارت مخالف مظاہرہ

ْبھارتی فورسز مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کر رہی ہیں، احسن اونتو

جمعہ 1 جنوری 2021 17:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین کشمیری نوجوانوں کے ایک جعلی مقابلے میں قتل کے خلاف انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے زیر اہتمام مظفرا ٓباد میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں شریک لوگوں نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے مظاہرین سے سرینگر سے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ برس جولائی میں راجوری کے رہائشی تین مزدوروں کو شوپیان کے علاقے امشی پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں قتل کیا تھا اور اب تین کشمیری طلباء کو سرینگر میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ماضی میں بھی سرینگر ، سوپور ، کپواڑہ اور دیگر شہروں میں جعلی مقابلوں میں سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غاصب بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کر رہی ہیں۔ انھوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بے گناہ شہریوں کے قتل کی تحقیقات کریں۔ مظاہرے سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودہری لطیف اکبر، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس مشتاق الاسلام ،چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیراحمدغزالی، سیکریٹری جنرل اے پی آر سی بلال احمد انصاری ، مہاجرین نمائندگان راجہ زخیر خان چوہدری محمد اسماعیل ، شوکت جاوید میر، آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما جاوید احمد مغل ، ہیومین رائٹس مومنٹ کے صدر بلال احمد فاروقی، جماعت اسلامی کے رہنماء خالد محمود زیدی ،وادی نیلم کے سماجی رہنماء سید سلطان ،عثمان علی ہاشم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نہتے شہریوں پر ظلم اور ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی ضابطوں کو پس پشت ڈال کر مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ انہوںنے کہا کہ ہزاروں کشمیری اس وقت جیلوںمیں بند ہیں لیکن عالمی ادارے بھارت کے ان جرائم پر خاموش ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر و استبداد کا نوٹس لے۔ مظاہرین نے بعد میں شہر کی بنک روڑ پر مارچ کیااور نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔