وزیراعظم کے قافلے میں موجود لوگ نواز شریف کو رپورٹ کر رہے ہیں

وزیراعظم عمران خان کے قافلے سے بڑی خبریں نواز شریف کو پہنچائی جا رہی ہیں۔ صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 مئی 2021 13:43

وزیراعظم کے قافلے میں موجود لوگ نواز شریف کو رپورٹ کر رہے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 مئی 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے قافلے سے نواز شریف کو خبریں پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں اور اُن کے اس دورے پر اُن کے ہمراہ ایک بہت بڑا قافلہ گیا ہے، میں اُس کو وفد نہیں بلکہ قافلہ ہی کہوں گا۔

اُس قافلے سے براہ راست نواز شریف کو رپورٹنگ ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ جو قافلہ موجود ہے اُس میں موجود لوگ شہباز شریف کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ یہی نہیں کچھ لوگ زرداری صاحب کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔ عمران خان کا مسئلہ یہی ہے کہ وہ سب پر بہت آسانی سے بھروسہ کر لیتے ہیں ، وہ سوچتے ہیں کہ ایک شخص نے ایسا کیا ہے ، یہ بہت اچھا آدمی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ جو لوگ شہباز شریف کو بہت زیادہ بولتے ہیں، حکومتی صفوں میں جو لوگ شہباز شریف کے خلاف سب سے زیادہ بول رہے ہیں وہی اُن کے ساتھ نظر آئیں گے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ اس وقت وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جدہ میں موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر گذشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔

اس موقع پر خاتون اول بشریٰ بی بی بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھیں، جبکہ گورنرسندھ، گورنر کے پی، وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ کے علاوہ سینیٹر فیصل جاوید اور صوبائی وزیر خوراک پنجاب علیم خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری اور عمرے کی سعادت حاصل کریں گے جس کے بعد وہ وطن واپس آ کر عید الفطر کے موقع پر فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے۔