پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی عوام میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعصبانہ رویے کی وجہ سے سخت مایوسی ہے، مصطفی کمال

پاکستان کو 70 فیصد اور سندھ کو 92 فیصد کما کر دینے والے شہر کیساتھ دشمنوں سے بھی بدتر سلوک کیا جارہا ہے خدا نخواستہ اگر عوام میں بڑھتے اضطراب کو ملک دشمن طاقتوں نے اپنے مذموم عزائم کے لیے استعمال کرلیا تو نتائج کی ذمہ داری پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پر ہوگی

پیر 14 جون 2021 23:18

پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی عوام میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی عوام میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعصبانہ رویے کی وجہ سے سخت مایوسی ہے کہ پاکستان کو 70 فیصد اور سندھ کو 92 فیصد کما کر دینے والے شہر کیساتھ دشمنوں سے بھی بدتر سلوک کیا جارہا ہے، خدا نخواستہ اگر عوام میں بڑھتے اضطراب کو ملک دشمن طاقتوں نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے ایک بار پھر استعمال کرلیا تو نتائج کی براہِ راست زمہ داری تحریک انصاف اور اسکی اتحادی ایم کیو ایم پر عائد ہوگی، پروونشیل فائنانس کمیشن PFC کی غیر موجودگی میں اٹھارویں ترمیم کے ثمرات سے عوام محروم ہے جبکہ نااہل حکمران عوام تک اختیارات اور وسائل منتقل کرنے میں سنجیدہ بھی نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اٹھارویں ترمیم ایک بہترین ترمیم ثابت ہوسکتی تھی اگر اختیارات اور وسائل گلی محلوں تک منتقل ہوجاتے نہ کہ چار وزرا اعلی تک محدود رہتے۔ اٹھارویں ترمیم پر اس کی روح کے مطابق عمل نہ کرنا آئین پاکستان کی صریحا خلاف ورزی اور جمہوریت کے منافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاس میں لائرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ عوام گلی، محلوں تک عوامی مسائل حل کرنے کے لیے نچلی ترین سطح تک بااختیار ہوں۔

پاکستان میں اصلاحات کی ضرورت ہے جس میں سب سے اہم بلدیاتی نظام، اٹھارویں ترمیم اور پی ایف سی ایوارڈ کے اجرا سے متعلق قانون سازی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی پاکستان کی وہ پہلی سیاسی جماعت ہے جو پی ایف سی کے اجرا کے لیے پہلے دن سے کوشش کررہی ہے، ہم عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور اس حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کرتے رہیں گے۔