بلاول ایک نہیں 3 بارامریکا جائیں عمران خان 5 سال پورے کریں گے

آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن اورحکومت کے تعلقات ٹھیک ہو جائیں گے،شیخ رشید

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 11 جولائی 2021 08:23

بلاول ایک نہیں 3 بارامریکا جائیں عمران خان 5 سال پورے کریں گے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 جولائی 2021ء ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ایک نہیں 3 بارامریکا جائیں،عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی، آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن اورحکومت کے تعلقات ٹھیک ہو جائیں گے،بلاول بھٹو زرداری ایک نہیں 3 بار امریکا جائیں لیکن عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے ساتھ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم پر جاؤں گا۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہش مند ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود افغانستان میں امن کے لئے اقدامات کررہے ہیں، افغان عوام جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہوگا،ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا کیس اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں اٹھایا ہے، بھارت سے 5 اگست کا قانون واپس لینے تک کوئی بات نہیں ہوگی۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کشمیر میں انتخابی مہم کا دوسرا مرحلہ مکمل کر کے خصوصی طیارے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپنے دورہ امریکہ میں وہ منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ میں ایک ہفتے قیام کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کی بیرون ملک مصروفیات کے دوران آصفہ بھٹو زرداری کو کشمیر کے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آصفہ بھٹو کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں پارٹی کی جانب سے جاری انتخابی مہم چلائیں گی اور اپنے دورہ کشمیر میں پارٹی کارکنان سے بھی خطاب کریں گی۔