افسوسناک حادثہ، آزاد کشمیر میں پاک فوج کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 4 جوان شہید

انتخابات کے دوران انتہائی افسوسناک حادثہ، پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ لسوا کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 25 جولائی 2021 19:06

افسوسناک حادثہ، آزاد کشمیر میں پاک فوج کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 4 ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 25جولائی 2021) آزاد کشمیر انتخابات کے دوران انتہائی افسوسناک واقعہ، پاک فوج کی گاڑی کھائی میں جا گری، متعدد جوان شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے دوران پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ، 4 جوان شہید اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ لسوا کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔

گاڑی کا سویلین ڈرائیور بھی حادثے میں شدید زخمی ہوا۔زخمیوں کو طبی امدا د کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پولنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے 45 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ 28 ہزار 99 ہے ، جن کے لئے آزاد کشمیر اور پاکستان میں 6 ہزار 114 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ، پولنگ کے موقع پر آزاد کشمیر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی گئی جب کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے۔

(جاری ہے)

نتخابات سے قبل گیلپ پاکستان کی جانب سے ایک سروے کروایا گیا جس میں آزاد کشمیر کی عوام سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی ، سروے کے دوران آزاد کشمیر کی عوام سے سوال کیا گیا کہ وہ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں سے کس سیاسی جماعت کی حمایت کرتے ہیں؟ سروے کے دوران پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سروے نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے 44 فیصد عوام نے انتخابات کے دوران تحریک انصاف کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ عوام کی حمایت حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہیں جہاں 12 فیصد عوام ن لیگ اور صرف 9 فیصد لوگ پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کے حامی ہیں ، یوں یہ دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر صرف 21 فیصد عوام کی حمایت حاصل کر سکیں تاہم پاکستان تحریک انصاف تنہا 44 فیصد حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔