Live Updates

ملک میں مہنگائی کی لہر عارضی ہے، جلد کمی آئے گی، وزیراعظم

ہماری حکومت کو کورونا کی وجہ سے کافی مشکلات پیش آئیں، سپلائی چینز متاثر ہونے کی وجہ سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں اشیائے خورو نوش کی قیمتیں بڑھیں، وزیراعظم نے ملک میں مہنگائی کی لہر کو عارضی قرار دے دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 30 ستمبر 2021 19:59

ملک میں مہنگائی کی لہر عارضی ہے، جلد کمی آئے گی، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 28ستمبر 2021) ہماری حکومت کو کورونا کی وجہ سے کافی مشکلات پیش آئیں، سپلائی چینز متاثر ہونے کی وجہ سے پاکستان سمیت پوری دنیا میں اشیائے خورو نوش کی قیمتیں بڑھیں، وزیراعظم نے ملک میں مہنگائی کی لہر کو عارضی قرار دے دیا- تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی لہر عارضی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کی رفتار تیز ہونے سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں جلد کمی ہوگی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سی پیک کی رفتار مزید تیز ہوگی، بیچ میں کورونا کی وجہ سے کافی مشکلات پیش آئیں، تمام سپلائی چینز (رسدی زنجیریں) متاثر ہوئیں اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں اشیائے خورو نوش کی قیمتیں بڑھیں، لیکن یہ عارضی ہے، جیسے جیسے کورونا ویکسین لگتی جارہی ہے اور وبا کا خوف کم ہورہا ہے، امید ہے کہ اس کے باعث اگلی لہر بہت کم ہوگی اور سی پیک منصوبوں کی رفتار تیز ہوجائے گی اور مہنگائی کی عارضی مشکل جس کا ہم سامنا کررہے ہیں، وہ بھی نیچے آجائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے شہر مٹیاری سے لاہور تک 886 کلومیٹر طویل 600 کے وی کی بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں لائن لاسز تقریبا 4 فیصد ہیں، جب کہ اس سے پہلے لائن لاسز 17 فیصد تھے، ایک فیصد لائن لاسز سے ملک کو کئی ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ عمران خان نے بتایا کہ ہماری بجلی کی ترسیلی لائنز بہت پرانی ہوچکی ہیں، جس کی وجہ سے لائن لاسز زیادہ ہیں، خاص طور پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے لائن لاسز بہت زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے ہم بجلی ہوتے ہوئے بھی صارفین تک نہیں پہنچا سکتے، جس کے نتیجے میں عوام کو تکلیف ہوتی ہے، پرانی لائنوں پر سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، مٹیاری تا لاہور اسٹیٹ آف دا آرٹ جدید ترین ٹرانسمیشن لائن بچھائی ہے اور ابھی باقی لائنز پر بھی سرمایہ کاری کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کا آغاز بجلی کی پیداوار سے ہوا، جس میں سڑک اور پھر ٹرانسمیشن کے منصوبے شامل کیے گئے، اگلا مرحلہ صنعت کاری کا ہے، اس کے بغیر ملک میں دولت نہیں آسکتی ، دولت آئے گی تو ہم ملکی قرضے اتار سکیں گے، مقروض گھر اپنی آمدنی بڑھا کر ہی قرضے اتارتا ہے۔ واضح رہے کہ 886 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن 4000 میگاواٹ بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لیے 1973 ٹاورز تعمیر کیے گئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات