Live Updates

ملکی بقاء کیلئے اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان

خاندانی نظام اور اس کے معاشرے پراثرات پر تحقیق ہونی چاہیے، سیرت طیبہﷺ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت رحمت اللعالمین ﷺاتھارٹی کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اکتوبر 2021 19:36

ملکی بقاء کیلئے اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی بقاء کیلئے اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، خاندانی نظام اور اس کے معاشرے پراثرات پر تحقیق ہونی چاہیے، سیرت طیبہﷺ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت رحمت اللعالمین ﷺاتھارٹی پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس کورحمت اللعالمینﷺ اتھارٹی پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اتھارٹی کا آرڈیننس جاری ہوچکا ہے، 6 ممبران پر مشتمل بورڈ کی صدارت وزیراعظم کریں گے، بورڈ ممبران میں مقامی اور عالمی سطح کے محققین شامل ہوں گے، وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ممبران کی تقرری میں میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

  وزیراعظم نے کہا کہ خاندانی نظام اور اس کے معاشرے پراثرات پر تحقیق ہونی چاہیے، ملک کی بقاء اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے میں ہے، اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پربہتری کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے، سیرت طیبہﷺ پر ملک میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عشرہ  رحمت اللعالمینؐ  بھرپور مذہبی جوش وخروش سے منایا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب دیگر صوبوں کی نسبت عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات میں سرفہرست رہا۔ صوبے بھر کے تعلیمی اور دیگر سرکاری و نجی اداروں میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں ہزاروں تقریبات منعقد ہوئیں۔

اخبارات میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی خبریں اور سپیشل ایڈیشن شائع ہوئے۔ ٹی وی چینلز پر پر بھی شان رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے پروگرام پیش کئے گئے۔ صوبہ بھر کے سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مقابلہ حسن قرآت، نعت، تقاریر، محافل میلادؐ منعقد ہوئیں جبکہ لاہور میں نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد ہوا -وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت عالمی علماء مشائخ کانفرنس میں علماء کے علاوہ دیگر مذاہب کے سکالرز نے بھی شرکت کی - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکم ربیع الاول کو پریس کانفرنس میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات اور محافل کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروںکے سٹاف کو رحمت اللعالمینؐ سے منسوب میڈل دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ آفس اور وزیراعلیٰ ہائوس سمیت سرکاری عمارات پر برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نادار اور مستحق طلبہ کیلئے رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا۔ ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، چکوال اور اوکاڑہ کی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر قائم گی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں منعقدہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی مرکزی تقریب میں گورنر ہائوس لاہور سے شرکت کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور عیدمیلاد النبی کی مناسبت سے قیدیوں کی سزا میں 60 یوم کی معافی کے ساتھ ساتھ قیدیوں اور جیل عملے کے لئی ساڑھے 5 ارب روپے کے پریزن پیکیج کا اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات