Live Updates

پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ اسلام آباد جانے سے پہلے ہی خود ہی گھر چلی جائے گی‘ ذوالفقارعلی بدر

سی ای سی اجلاس کے بعد فیصلہ لیا گیا اپنا لانگ مارچ ہوگا ،ہمیں کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ‘ترجمان بلاول بھٹو پی ڈی ایم اب پیپلزپارٹی میں شامل ہونا چاہتی ہے‘شہزادسعید چیمہ ، پی پی رہنمائوں کی لاہور میں پریس کانفرنس

پیر 17 جنوری 2022 21:24

پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ اسلام آباد جانے سے پہلے ہی خود ہی گھر چلی جائے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے فیصلے خود فیصلے کرے گی ،سی ای سی اجلاس کے بعد فیصلہ لیا گیا کہ اپنا لانگ مارچ ہوگا ،ہمیں کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ،اگر کوئی ہمارے لانگ مارچ میں شامل ہونا چاہتا ہے تو آ سکتاہے،میرے والد نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی عزت کی سیاست کیلئے قربانیاں دیں اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، والد نے ملک میں چار ڈکٹیٹر کے خلاف جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد کی ،مہنگائی اتنی زیادہ ہوگئی ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، مستائیس فروری کو مزار قائد سے لانگ مارچ شروع ہوگا جو پنجاب اور جنوبی پنجاب سے ہوتا ہوا اسلام آباد جائے گا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، چار روپے تیس پیسے بجلی اور تین روپے پیٹرول کی قیمت بڑھا دی ہے جس سے سفید پوش طبقہ بہت متاثر ہوا، چوبیس جنوری سے کسان مارچ کااعلان کریں گے۔فارن پالیسی یا زراعت کا شعبہ ہو حکومت کا کوئی ویژن نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت میں مافیاز کے نمائندے ہیں ،پہلے چیزیں بہتر نہیں ہوئیں تو اب کیسے ہوں گی۔

آٹا دال چینی یوریاکے مافیاز نے ملک کو کنٹرول کیا ہے ،کسی سطح پر عوامی پالیسی نہیں بنی ، نیشنل سکیورٹی پالیسی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا اور اس کا اعلان کر دیا گیا،پارلیمنٹ کی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا لیکن ون ونڈو آپریشن کرنے کی کوشش میں حکومت و عمران ناکام ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، پیپلزپارٹی الگ پارٹی خود اپنے فیصلے کرے گی ،سی ای سی اجلاس کے بعد فیصلہ لیا گیا کہ اپنا لانگ مارچ ہوگا ،ہمیں کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ،اگر کوئی ہمارے لانگ مارچ میں شامل ہونا چاہتا ہے تو آ سکتاہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی سندھ لانگ مارچ میں شامل ہوں گے ،عمران خان کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔لانگ مارچ مہنگائی اورحکومت کو گھر بھیجنے کیلئے کررہے ہیں اس کو اسلام آباد تک لے کر جائیں گے ، پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ اسلام آباد جانے سے پہلے ہی خود ہی گھر چلی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی آصف زرداری سے دوستی ہے اگر کوئی ایک دوسرے کو کال کرے تو کوئی فرق نہیں پڑتا، مولانا فضل الرحمن نے آصف زرداری کی خیریت دریافت کرنے کیلئے کال کی، آصف زرداری سے مختلف جماعتوں کے لوگوں نے رابطہ کیا ہے،چار پارٹیوں سے بات طے پا گئی ہے جیسے ہی دعوت دیں گے تو وہ لانگ مارچ کا حصہ بن سکتی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کو نہیں عمران خان اور مافیازکو گھر بھیجنے کیلئے لانگ مارچ کررہے ہیں ۔شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں تیر کے نشان سے ہر جگہ پینل دیں گے کوئی خالی جگہ نہیں رہیے گی ،پانچ ماہ سے عدم اعتماد کے معاملے پر پیپلزپارٹی مستقل بنیادوں پر کھڑی ہے،پی ڈی ایم جماعتیں اگر تاخیری حربہ استعمال کریں گی تو پھر پیپلزپارٹی نے خود ہی چلنے کا فیصلہ کرنا تھا ،ستائیس فروری کو لانگ مارچ کریں گیںاب پی ڈی ایم پیپلزپارٹی میں شامل ہونا چاہتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات