Live Updates

سندھ کے عوام کو ڈاکو راج سے آزاد کرائیں گے ، اسد عمر

14 سال سے اس صوبے کو ڈاکو چلا رہے ہیں اور عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 جنوری 2022 15:23

سندھ کے عوام کو ڈاکو راج سے آزاد کرائیں گے ، اسد عمر
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو ڈاکو راج سے آزاد کرائیں گے ، سندھ کے عوا م کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے کیوں کہ 14 سال سے اس صوبے کو ڈاکو چلا رہے ہیں اور عوام کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، 2023ء میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے جارہی ہے، بہت ہی مربوط طریقے سے تنظیم پر کام شروع ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کےعوام بڑی تکلیف سے گزر رہے ہیں ، سندھ حکومت نے نوجوانوں کی امید ختم کردی ہے ، یہاں کہیں کسی کو نوکری نہیں ملتی اور اگر ملے تو پرچی پر نوکریاں ملتی ہیں ، چھوٹے کاشتکاروں کو پانی کے لیے ترسا دیا ہے ، 14 سال سے اس صوبے کو ڈاکو چلارہے ہیں ، عوام کو ڈاکو راج پر چھوڑ دیا گیا ہے ، ہمیں سندھ کے عوام کو ڈاکو راج سے نجات دلوا کر انہیں بنیادی حقوق فراہم کرنے ہیں۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات ہیں کہ سندھ میں ہر صورت ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے، سندھ کے عوام کو دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی ہے ، صحت ایک بنیادی ضرورت ہے جس کے لیے کے پی کے اور پنجاب نے اس پر کام کرلیا ہے ، جہاں قومی صحت کارڈ کے ذریعے عوام کے علاج کی ذمہ داری ریاست لے رہی ہے لیکن سندھ حکومت اس پر کچھ کرنے کے لیے تیار نہیں ، صوبے میں بلدیاتی قانون 140اے کی روح سے متصادم ہے ، انہوں نے ترمیم کر کے بچا کھچا بھی تباہ کردیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں سیاسی نہیں مافیا حکومت کررہی ہے ، آصف زرداری نے منشی کو وزیراعلیٰ بنا دیا ، سندھ میں زرداری مافیا گاڈ فادر بندکر بیٹھ گیا ہے ، سندھ حکومت کے کسی کمیٹی میں اپوزیشن کےکسی ممبر کو شامل نہیں کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات