Live Updates

سندھ کی سیاسی جماعتیں بلدیاتی ایکٹ کو مسترد کر چکی ہیں، ہائی کورٹ نے پٹیشن خارج کردی، سپریم کورٹ جائیں گے،علامہ راشدمحمود سومرو

گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بلدیاتی انتخابات گرمیوں کے بعد ہونے چاہئیں، بلدیاتی آئین کی 73 اور 74 میں تبدیلی بدنیتی پرمبنی ہے، حریت رہنما یاسین ملک کی شہادت قبال مذمت ، بھارتی بربریت کی انتہا ہے ، پریس کانفرنس

منگل 24 مئی 2022 21:25

لاڑکانہ /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہائی کورٹ کے معزز بینچ نے پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کی پٹیشن کو خارج کر دیا ہے ہمیں عدالتی فیصلے پر افسوس ہے ہم سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہیں ، وفاق سے اختیارات تو صوبوں کو منتقل ہوئے لیکن سندھ میں اختیارات عوام کو دینے کی بجائے سلب کرلئے گئے ہیں اب چیئرمین تو ہونگے لیکن ان کے پاس اختیارات نہیں ہونگے ۔

ان خیالات کا لاڑکانہ پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب اور کراچی کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر، صوبائی الیکشن کمشنر، چیف سیکریٹری و دیگر کو خط لکھ کر گرمی کا درجہ حرارت چیک کرنے کا کہا ہے امیدوار اتنی گرمی میں ورک کرسکیں گے، کیا ووٹرز مائیں بہنیں اور معمر حضرات 5 گھنٹے کیسے گرمی میں لائن میں کھڑے رہ سکیں گی بلدیاتی انتخابات گرمیوں کے بعد کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہمارے پاس مصدقہ معلومات ہیں کہ آر اوز اور ماتحت افسران سندھ حکومت کے نوازے ہوئے ملازم ہیں اقربا پروری کر کے منظور نظر افسران ہی اسکروٹنی کر رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ مخالف امیدواروں کے کاغذات رد ہو رہے ہیں بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری کے بھائی چیئرمین کا الیکشن لڑ رہے ہیں اور پولیٹیکل سیکریٹری نے داڑھی پر ہاتھ پھیر کر کہا تھا کہ راشد محمود سومرو کو اس کی یوسی میں شکست دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری یوسی کو شہر سے نکال کر 18 دیہات شامل کیے گئے ہیں ہمارے امیدوار کو بجلی کا بل جمع نہ کروانے پر کاغذات نامزدگی مسترد کروائے گئے ہیں جبکہ بل کے واجبات کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں ابھی وقت ہے پچھلے بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی نے 11 سو امیدوار میدان میں اتارے جن میں سے 480 امیدوار جیتے تھے اس مرتبہ ان کی تعداد ڈبل ہے امید ہے کہ اس مرتبہ زیادہ کامیابیاں حاصل ہوں گی ہمارا ملک بھر میں الیکشن میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کسی کے ساتھ اتحاد نہیں ، انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدہ میں نے نہیں کروایا ، نکاح پڑھانے والوں کو سب جانتے ہیں آفرز دینے والے آصف زرداری اور لینے والی ایم کیو ایم ہے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے معاہدے میں کہیں سندھ کی تقسیم کا تقسیم کا ذکر نہیں ہے ۔

اربن اور رورل کوٹے کے تحت کراچی کے لوگوں کو ان کا حق ملنا چاہئیں ہم اس کے حق میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میری دو سالہ پرانی وڈیو تو نظر آ گئی لیکن پی ٹی آئی والوں نے صحافیوں، جرنیلوں کی ماں بہنوں کی جس طرح عزتیں پامال کیں ہیں عمران خان ججز ، مریم نواز اور صحافیوں سے اس پر معافی مانگیں پھر میں بھی معافی کا سوچوں گا۔انہوں نے کشمیر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کی بھارتی جیل میں وحشیانہ تشدد سے شہادت پر دلی دکھ وورنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر عالمی قوتوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک کی حمایت جاری رہے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات