Live Updates

لانگ مارچ اور ایک کے بعد ایک ڈرامہ سب ناکام ہو گئے،مریم نواز

تقرریوں میں رخنہ ڈالنے سمیت عمران خان کے تمام پلان بری طرح فیل ہوئے،سازشیوں کا یہی انجام ہوتا ہے،نائب صدر مسلم لیگ ن

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 26 نومبر 2022 18:07

لانگ مارچ اور ایک کے بعد ایک ڈرامہ سب ناکام ہو گئے،مریم نواز
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2022ء) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ اور ایک کے بعد ایک ڈرامہ سب ناکام ہو گئے۔ مریم نواز نے لندن سے سیاسی مخالف جماعت پی ٹی آئی کو جواب دینے کیلئے ٹویٹر محاذ سنبھالا اور تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا سچ یہی ہے عمران خان کا سازش کے ذریعے حکومت ختم کرنے کا پلان،اپنا من پسند چیف لانے کا پلان،چیف کی تقرری میں رخنہ ڈالنے کا پلان اور نئے چیف کو متنازع بنانے کا پلان سب بری طرح فیل ہو گئے۔

انکا کہنا تھا کہ سازشیوں کا یہی انجام ہوتا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کا بائیکاٹ کردیا،پی ٹی آئی لانگ مارچ میں 15 سے 16ہزار لوگ ہیں جبکہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کی سکیورٹی کیلئے 16ہزار اہلکارتعینات ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ ملک کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کیا گیا،محاذ آرائی سے عمران خان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

اگر پی ٹی آئی نے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا تو وہ زیادہ لوگ نہیں ہوں گے،معاملات کو سیاسی اور جمہوری انداز میں آگے بڑھائیں۔ قبل ازیں وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان صاحب،راولپنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی،اسٹیبلشمنٹ آپ کو الیکشن کی تاریخ لیکر نہیں دے سکتی۔ الیکشن کی تاریخ لینی ہے تو سیاستدان بنیں،عمران خان اپنی ضد چھوڑیں اور سیاستدانوں میں واپس آئیں اور مذاکرات کریں۔

پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمٰن سے ملیں،نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کرنا چاہیں تو وہ انکار نہیں کریں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ میں بھی عمران خان کی مدد کیلئے تیار ہوں،میں آپکو سیاسی مخالف سمجھتا ہوں لیکن دشمن نہیں،عمران خان پارلیمنٹ میں واپس آئیں اور سیاست کا حصہ بنیں۔ سیاستدانوں میں بیٹھتے ہیں،فیصلوں میں تبدیلی ہوتی ہے۔ساتھ بیٹھیں تاکہ ملک آگے بڑھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات