Live Updates

ملکی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، خدانخواستہ اب اگر کوئی سانحہ ہوا تو اسکا ذمہ دار عمران خان ہو گا، عمران خان کے آصف علی زرداری پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، وزیر دفا ع خواجہ محمد آصف

اتوار 29 جنوری 2023 17:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) وزیر دفا ع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، خدانخواستہ اب اگر کوئی سانحہ ہوا تو اسکا ذمہ دار عمران خان ہی ہو گا، عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں یہاں تک کہ بی بی شہید بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے شہید ہو گئیں، شہادتوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد الزامات سے سیاست میں خون خرابے کا اندیشہ ہے اورخدانخواستہ اگر ایسا کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ اری عمران خان پر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزامات لگا کر عمران خان نے ایک اور پینترہ بدلہ ہے جس سے ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے، عمران خان کے بیان سے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو جان کا خطرہ ہوسکتا ہے،عمران خان کے سیاست میں کھیلے گئے اب تک کے تمام کارڈز فیل ہوئے ہیں اور اب اس نے جو نیا پینترہ بدلا ہے اس میں بھی اسے ناکامی ہو گی کیونکہ یہ شخص ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں واضح تضاد موجود ہے، وہ کبھی کچھ تو کبھی کچھ کہتا ہے، اس شخص کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا، عمران خان جیسا جھوٹا شخص پہلے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر لگاتا تھا لیکن اب امریکا کی بجائے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے جس سے اس شخص کا جھوٹ واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت سب لوگ جانتے ہیں کہ عمران خان نے خود اسمبلیوں سے استعفے دئیے اور یہ کہتے رہے کہ اس اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں لیکن اب جب اسپیکر قومی اسمبلی نے انکے استعفے قبول کیے ہیں تو اب روتے پھر رہے ہیں حالانکہ ہم انہیں سمجھاتے رہے کہ آپ لوگ پارلیمان میں آئیں اور مل بیٹھ کر ملکی مسائل کو حل کریں لیکن ان لوگوں نے ہماری ایک نہ سنی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میں سیاسی مقدمات کے خلاف ہوں لیکن یہ بات بھی سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں میرے سمیت مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی قیادت بغیر کسی وجہ کے قید تھی ، مجھ پر بھی آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہوا جسکی انکی کابینہ نے منظوری دی لیکن ہم نے تو کوئی رونادھونا نہیں کیا اس وقت انہیں جھوٹے مقدمات بناتے ہوئے شرم نہیں آئی جبکہ اب پی ٹی آئی کے صرف دو بندے پکڑے گئے ہیں اور صرف دو دن کے لیے پکڑے گئے ہیں جس کے بعد اب وہ کہیں نظر تک بھی نہیں آتے اسی لیے میں کہتا ہوں یہ لوگ تو صرف دو دن کی مار ہیں لیکن بھڑکیں ایسے مارتے ہیں جیسے بہت بڑے تیس مار خان ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جھوٹ بولتے ہیں ، فواد چوہدری یا کسی اور کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا بلکہ یہ لوگ تو اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں، جب یہ لوگ عدلیہ سمیت فوج اور دیگر ملکی اداروں کو گالیاں دیں گے ، دھمکیاں دیں گےاور انکے گھروں تک کو نشانہ بنانے کی بات کریں گے تو پھر تو قانون حرکت میں آئے گا جو ابھی آیا بھی ہوا ہے اور مستقبل میں بھی جو کوئی ایسا کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ضرورعمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہماری ساری قیادت کو نشانہ بنایا گیا، مجھے 6 ڈگری درجہ حرارت میں رکھا گیا اور 13 سے 14 دن یہی صورتحال رہی لیکن میں تو نہیں رویا ، ان کا تو دو دن میں ہی رونا دھونا ختم نہیں ہو رہا۔خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ملک کو انتشار کی طرف لیکر جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اسمبلی کا پلیٹ فارم موجود تھا جسے انہوں نے مسترد کیا اور اب اداروں کو آوازیں دے رہے ہیں، انہیں چاہیئے کہ اپنے بل بوتے پر سیاست کریں اور آوازیں بند کریں کیونکہ اب کوئی انکی آواز نہیں سنے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب کبھی آرمی چیف اور کبھی چیف جسٹس کو خطوط لکھ رہے ہیں ، انہیں آئین کا فورم استعمال کرنا چاہیئے کیونکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی آئین کے تحت ان کے استعفے قبول کیے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے قتل کے الزام میں جو پہلا نام لیا ہے وہ بھی جھوٹا ہے اور آگے بھی جو نام وہ لیں گے وہ جھوٹے ہی ہونگے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری سمیت اگر پی ڈی ایم کی ساری قیادت جھوٹے مقدمات میں گرفتار ہو سکتی ہے تو عمران خان پر سچے مقدمات ہیں جسے وہ خود تسلیم بھی کر چکے ہیں، اس لیے میرے خیال میں جس نے بھی ملکی خزانے کو لوٹا اس کے خلاف ضرور قانونی کارروائی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 2012ء میں عمران خان کی فارن فنڈنگ کے حوالے سے جو کہا وہ سچ ثابت ہوا جسے وہ خود تسلیم بھی کر چکے ہیں اور توشہ خانہ والے معاملے میں اس شخص نے جو کیا وہ بھی سب کے سامنے ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت اور اپنے کاروبار کو چمکانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے اور ایسے پٹرول پمپس جو عوام کو تیل نہیں دے رہےانہیں سیل کر دینا چاہیئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز وطن واپس پہنچ چکی ہیں جو تنظیم سازی سمیت دیگر امور کو دیکھیں گی اور انتخابی مہم کو بھی لیڈ کریں گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات