پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ،شہدا کی تعداد 93 ہو گئی

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 157 زخمیوں کو لایا گیا تھا،کچھ زخمیوں کی حالات تشویشناک ہے،ترجمان

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 31 جنوری 2023 14:39

پشاور پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ،شہدا کی تعداد 93 ہو گئی
پشاور ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2023ء) پشاور دھماکہ میں شہید ہونے والوں کی تعداد 93 ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہدا کی تعداد 93 ہو گئی ہے،شہدا میں امام مسجد اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مسجد کے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے،سرچ آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

پولیس اور سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق ہسپتال میں 157 زخمیوں کو لایا گیا تھا،زخمی افراد میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکہ ہوا،دھماکہ نماز ظہر کے وقت ہوا جہاں اگلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے اڑا لیا،دھماکے کے بعد پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی جبکہ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا،خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ پشاور دھماکا میں ملوث حملہ آور ایک، دو دن سے پولیس لائنز میں ہی مقیم تھا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے کا سہولت کار پولیس لائنز کے اندر کا آدمی تھا، حملہ آور ایک دو دن سے وہاں رہ رہا تھا، حملہ آور نے ریکی کی اور موقع دیکھ کر دھماکا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پشاور نے بتایا کہ ہزار سے ڈیڑھ ہزار افراد پولیس لائنز میں رہتے ہیں۔ خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے، پولیس کا خیال ہے کہ اندر کوئی شخص حملہ آور کے ساتھ رابطے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نے خود کو پہلی صف میں دھماکے سے اڑایا، مساجد میں نمازیوں پر حملے تو بھارت اور فلسطین میں بھی نہیں ہوتے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ لہر میں کراچی دہشتگردوں کا بڑا ٹارگٹ تھا، سوات کے نہتے لوگوں نے ان دہشت گردوں کو مسترد کیا۔