ٖضمنی الیکشن،کراچی کی 9 نشستوں پر حکمران اتحاد کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیا

بدھ 22 فروری 2023 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2023ء) قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن،مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی،ایم کیو ایم اور جے یو آئی کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی الیکشن میں حکمران اتحاد کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں،ایم کیو ایم کے تمام 8 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

مصطفٰی کمال نے این اے 247 سے کاغذات نامزدگی واپس لیے،این اے 245 سے ارشد وہرہ اور شیخ صلاح الدین نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔ اسی طرح این اے 243 سے بھی ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے،پیپلز پارٹی کے امیدوار سلیم مانڈوی والا نے بھی کاغذات واپس لیے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے علی زیدی این اے 241 اور عالمگیر خان این اے 243 سے امیدوار ہوں گے،9 نشستوں پر پی ٹی آئی امیدواروں نے ٹکٹ جمع کرا دئیے اور بیشتر میں بلامقابلہ کامیابی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ضمنی الیکشن کیلئے کل انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے،کراچی کے 9 حلقوں پر 16 مارچ کو پولنگ ہو گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔شہباز شریف نے خالد مقبول صدیقی سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی،خالد مقبول صدیقی نے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم پہلے ہی بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی ہے۔

دیکھنا ہو گا کہ ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرنا ایم کیو ایم کیلئے کیسا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور پنجاب کے سیاسی حالات میں فرق ہے،فیصلہ دونوں جگہ کیلئے موزوں ہونا ضروری نہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی۔ جبکہ مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لیگی امیدواروں کو درخواستیں واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔