ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ،9 افراد جاں بحق

زلزلے سے 160 سے زائد افراد زخمی ہو گئے

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 22 مارچ 2023 10:42

ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ،9 افراد جاں بحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء) اسلام آباد سمیت پنجاب،خیبر پختو نخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختو نخوا میں زلزلے کے باعث سب سے زیادہ نقصان ہوا،خیبر پختو نخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جن میں 5 مرد،2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

زلزلے سے ملک بھر میں 160 سے زائد افراد زخمی ہوئے،7.7 شدت کے زلزلے سے مختلف شہر لرز اٹھے تھے۔ اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منگل کی رات زمین لرز اٹھی تھی۔ تقریباً پورے ہی ملک میں انتہائی زیادہ شدت کا زلزلہ آیا۔ لاہور، اسلام آباد، مظفر آباد، کوہاٹ، صوابی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی اور خانیوال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سرگودھا، چشتیاں، اکردو، چلاس، مردان، باجوڑ، لکی مروت اور نارووال سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں شدید زلزلہ آیا،خوفناک زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا تھا،لوگ کلمہ طیبہ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 7.7 اور زلزلے کا مرکز افغانستان کا علاقہ بتایا تھا۔ جبکہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 سے 7.7 کے درمیان تھی۔

زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر بتائی گئی۔ شدید زلزلے کے باعث خیبرپختوںخوا کے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ ہو گئے، گھروں کی دیواریں گرنے، مکانات تباہ ہونے سے درجنوں افراد زخمی ہو گئے تھے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔بین الاقوامی میڈیا نے رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی شدید زلزلہ آیا،چین، بھارت، ازبکستان، کرغزستان اور افغانستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔