Live Updates

عمران خان کا اپنے قتل کے منصوبے پر بیان، پنجاب حکومت کا تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ

عمران خان کے لگائے گئے سنگین الزمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور انکوائری کے بعد سخت ایکشن لیا جائے گا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 22 مارچ 2023 22:37

عمران خان کا اپنے قتل کے منصوبے پر بیان، پنجاب حکومت کا تحقیقاتی کمیشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء) عمران خان کے اپنے قتل کے منصوبے پر بیان کے بعد پنجاب حکومت نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان کے لگائے گئے سنگین الزمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور انکوائری کے بعد سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عمران خان نے آج ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے، مجھے مرتضٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، ان لوگوں نے ماڈل ٹاؤن کی طرح کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مجھے آج یا کل سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے صاحبزادے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا میں تو سمجھا تھا کہ میرے خلاف 97 کیسز ہیں لیکن آج عدالت سے پتہ چلا میرے خلاف درج کیسز کی تعداد 143 ہے، میں نے تو اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

ان کا کہنا تھا الیکشن میں شکست سے خوفزدہ ٹولے نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا ہے، ہفتےکو مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے، یہ جلسہ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ عمران خان کا کہنا تھا عدالت میں پیش ہوا تو نامعلوم افراد نے سی ٹی ڈی کی وردیاں پہنی ہوئی تھیں، مجھے پولیس والوں سے معلومات ملیں کہ وہاں نامعلوم افراد موجود ہیں، آئی جی پولیس اہلکاروں پر برس پڑا کہ کیسے مجھے نکلنے دیا، ہو سکتا ہے کہ یہ آج شام کو آپریشن کریں، یہ آج وزیرآباد واقعے کے شواہد ختم کر رہے ہیں۔ قبل ازیں حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے مقدمات کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات