وفاقی حکومت کا 3 ملکی ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے پر غور

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت اور کے الیکٹرک کے معاہدے پر عمل درآمد پر پر بھی غور کیا جائے گا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 30 مارچ 2023 00:22

وفاقی حکومت کا 3 ملکی ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے پر غور
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2023ء) وفاقی حکومت نے 3 ملکی ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں تین ملکی ائیرپورٹ آوٹ سورس کرنے پر غور کیا جائے گا۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت اور کے الیکٹرک کے معاہدے پر عمل درآمد پر پر بھی غور کیا جائے گا۔

وزارت ہاؤسنگ کیلئے 6 ارب 68 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو بطور ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر کرنے کی منظوری بھی اسی اجلاس میں متوقع ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں کو آﺅٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی گزشتہ برس سے کر رکھی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم کے زیر صدارت ہوا بازی اور پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کے امور پر اجلاس بھی ہوا تھا، اجلاس میں پاکستانی ہوائی اڈوں کی آﺅٹ سورسنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر ملک کے 3 بڑے ہوائی اڈوں کو آوٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف نے جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی آﺅٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی تھی، تینوں ائیرپورٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت آﺅٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔وزیر اعظم نے ائیر پورٹس کی آوٹ سورسنگ پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کرینگے، کمیٹی میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی سیکرٹری ہوا بازی ڈویژن و منصوبہ بندی شامل ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پی آئی اے کی فلیٹ میں چار اے- 320 جہاز شامل کیے گئے ہیں، پی آئی اے اس وقت ہفتہ وار 330 فلائٹس آپریٹ کر رہی ہے، یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی طرف سے لگائی گئی پابندی ختم کروانے کے لئے کوشش کی جا رہی ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کو مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے کی فلیٹ میں وائڈ باڈی ایئر کرافٹس شامل کئے جا رہے ہیں، پی آئی اے کی برانڈ امیج کی بہتری کے لئے بھی پلان تیار ہے، کراچی اور لاہور کے ائیر پورٹس کے لانجز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز نے سال 2022 کے دوران 172 بلین روپے کا ریونیو حاصل کیا، یہ پی آئی اے کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ ریونیو ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ائیرپورٹس کی آﺅٹ سورسنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس تمام عمل میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔